0
Tuesday 14 Feb 2012 21:33

مرکزی ماتمی دستہ ہریپور کے سالار عظمت عباس نقوی کو شہید کر دیا گیا

مرکزی ماتمی دستہ ہریپور کے سالار عظمت عباس نقوی کو شہید کر دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ ہری پور ہزارہ کے نواحی علاقے کاہل میرپور میں سفاک قاتلوں نے ایک شیعہ نوجوان سید عظمت عباس شاہ نقوی اور اس کے ساتھی فیضان عرف فیضی کو آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق فیضان عرف فیضی، سید عظمت عباس شاہ کا معتقد تھا اور کالعدم تنظیم کے دہشتگردوں کو شبہ تھا کہ سید عظمت عباس شاہ اسے شیعہ عقائد کی طرف راغب کر رہا ہے اور اس ضمن میں سید عظمت عباس شاہ اور اس کے والد سید پیر حسین شاہ نقوی کو متعدد بار دھمکیاں بھی مل چکی تھیں۔ گزشتہ روز جب عظمت عباس شاہ اپنے دوست فیضان عرف فیضی کے ہمراہ اپنی کمپیوٹر گرافکس کی دکا ن بند کرکے نماز پڑھنے جا رہا تھا کہ راستہ میں گھات میں بیٹھے ہوئے نامعلوم قاتلوں نے ان پر خود کار اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ سید عظمت عباس نقوی کے سر میں گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر شہید ہو گئے جبکہ فیضان نے قاتلوں کا تعاقب کیا تو اسے ہریپور کورٹس کے نذدیک گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔
 
پولیس نے شہید عظمت عباس شاہ نقوی کے والد سید پیر حسین نقوی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تاہم پولیس کی جانب س ملزمان کی گرفتاری کیلئے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث علاقہ مکینوں میں زبردست اضطراب پایا جاتا ہے۔ شہداء کے لواحقین نے دہشت گردی کی اس سنگین واردات کو کالعدم تنظیم کا شاخسانہ قرار دیا۔

شہید عظمت عباس نقوی، علامہ جواد نقوی کے قریبی عزیزوں میں سے تھے۔ اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم ہری پور کے سیکرٹری جنرل علامہ وحید عباس کاظمی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کا مقصد شہر کے امن کو غارت کرنا ہے اور فرقہ واریت کو ہوا دینا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شدت پسند عناصر کو قابو میں لایا جائے اور انہیں قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
خبر کا کوڈ : 137832
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش