0
Thursday 25 Apr 2024 20:47

ریاست تلنگانہ میں مسلم ریزرویشن کو ختم کردیا جائے گا، امت شاہ

ریاست تلنگانہ میں مسلم ریزرویشن کو ختم کردیا جائے گا، امت شاہ
اسلام ٹائمز۔ بھارتی وزیر داخلہ و بی جے پی کے مرکزی لیڈر امت شاہ نے کہا ہے کہ تلنگانہ میں بی آر ایس اور کانگریس نے مسلم ریزرویشن فراہم کئے ہیں جس کو ختم کردیا جائے گا اور ایس سی، ایس ٹی، پسماندہ اور کمزور طبقات کو یہ ریزرویشن فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے پارلیمانی انتخابات کی مہم کے حصہ کے طور پر سدی پیٹ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ کانگریس ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر نہیں چاہتی تھی جس نے مندر کی تعمیر کے خلاف مقدمات درج کروائے تھے، تاہم مودی نے ان مقدمات میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے رام مندر کی تعمیر کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر سے دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد 70 سال پرانا مسئلہ حل ہوا۔ انہوں نے کانگریس اور بی آر ایس کو ایک ہی جماعت سے تعبیر کیا۔

انہوں نے کہا کہ کیا تلنگانہ کو اس کا یوم آزادی منانے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے مرکز میں پھر ایک مرتبہ برسر اقتدار آنے پر 17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ کی تقریب بڑے پیمانے پر منائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی ترقی بی جے پی سے ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر مودی کو ملک کا وزیراعظم بنانے کی ضرورت ہے۔ 400 سے زائد نشستوں پر بی جے پی کامیاب ہوگی جب کہ تلنگانہ میں اسے 17 کے منجملہ 12 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ کو دہلی کے اے ٹی ایم میں تبدیل کردیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ناممکن وعدوں کے ساتھ ریاست میں کانگریس برسر اقتدار آئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اب ملک کے تمام انتخابی فنڈس تلنگانہ سے دہلی جائیں گے۔ امت شاہ نے کہا کہ مودی کے ایک مرتبہ پھر اقتدار میں آنے کے بعد تلنگانہ سے بدعنوانیوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 1131082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش