0
Sunday 5 May 2024 12:37

اشرف صحرائی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد

اشرف صحرائی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں کانفرنس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ نے سینئر حریت رہنما اور تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے تیسرے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اسلام آباد میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جس کی صدارت کنوینر محمود احمد ساغر نے کی جبکہ عبدالرشید ترابی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ ذرائع کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے شہید رہنما کی جدوجہد آزادی کیلئے گرانقدر خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے محمد اشرف صحرائی کی شدید علالت کے باوجود ایک منصوبہ بند سازش کے تحت انہیں علاج معالجے کی سہولت سے محروم رکھنے کی شدید مذمت کی جس کی وجہ سے وہ وفات پا گئے۔

کنوینر محمود احمد ساغر نے اس موقع پر کہا کہ محمد اشرف صحرائی کی نظربندی کے دوران ان کے علاج کے حوالے سے مجرمانہ غفلت برتی گئی لیکن شوق شہادت سے سرشارحریت رہنما عزم و استقلال کا مجسمہ بنے رہے اور اسی دوران انہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ دیگر مقررین نے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت سے جہاں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوا وہیں تحریک آزادی کی تاریخ میں قربانیوں کا نیا باب رقم ہوا۔انہوں نے کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس بیان سے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے اور قابض طاقت کو ایک واضح پیغام ملا۔

انہوں نے کہا کہ اب اس بیان پر عمل درآمد اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ حریت رہنمائوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں سے بھارت کو روکیں اور غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنمائوں کی زندگیاں بچانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔ مقررین نے تمام نظربندوں کی رہائی، مقبوضہ علاقے میں نافذ تمام کالے قوانین کی منسوخی، بھارتی فوجیوں کے انخلاء، جھوٹے مقدمات اور جعلی مقابلوں کی روک تھام اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اس کے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ 
خبر کا کوڈ : 1132961
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش