0
Wednesday 24 Apr 2024 13:55

ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری

ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری
اسلام ٹائمز۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے اختتام پر پاکستان اور ایران نے مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی نے 22 سے 24 اپریل 2024ء تک پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بھی پاکستان کا دورہ کیا، ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان، کابینہ کے دیگر ارکان اور اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر بات چیت کی، مذاکرات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان ایران کے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں دنوں رہنماوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران متعدد مفاہمت معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے جبکہ اقتصادی تعاون کو تیز کرنے، اقتصادی اور تکنیکی ماہرین، چیمبرز آف کامرس کے وفود کے باقاعدہ تبادلے کی سہولت پر بھی اتفاق کیا۔ مزید کہا گیا ہے کہ ٹی آئی آر کے تحت ریمدان بارڈر پوائنٹ کو بین الاقوامی سرحدی کراسنگ پوائنٹ قرار دینے پر اتفاق کیا گیا، ایران اور پاکستان کے درمیاں باقی دو بارڈر میں مارکیٹس کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے دونوں فریقوں کے درمیان اتفاق کیا گیا ہے، باہمی کوششوں کے تحت سرحدی غذائی منڈی اور معاشی صورتحال کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دونوں ممالک نے سرحدی حفاظت کو بڑھانے کی طرف غور کیا۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان اقتصادی اور تجارتی حجم قابل قبول نہیں ہے، ہم نے پہلے مرحلے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی تھی، پاکستان اور ایران نے 8 سمجھوتوں پر دستخط کیے تھے۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ ہمارے دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں،۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایرانی صدر سے سیکیورٹی اور تجارت سمیت دوطرفہ پہلوؤں پر تبادلہ خیال ہوا۔ ایرانی صدر نے گزشتہ روز لاہور اور بعد ازاں کراچی کا دورہ کیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی تھی جبکہ ایرانی صدر نے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاک ایران تعلقات خراب نہیں کر سکتی۔ ابراہیم رئیسی پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ مکمل کرکے آج کراچی سے تہران روانہ ہوگئے تھے۔
خبر کا کوڈ : 1130788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش