0
Saturday 20 Apr 2024 08:56

عمران خان کا پیغام ہے اپنے ووٹ کی حفاظت کریں، علیمہ خان

عمران خان کا پیغام ہے اپنے ووٹ کی حفاظت کریں، علیمہ خان
اسلام ٹائمز۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو یہ پتا ہے کہ جیسے 8 فروری کو لوگ ظلم کیخلاف نکلے، ویسے ہی 21 اپریل کو نکلیں گے، آپ کا ووٹ بڑا قیمتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وکلا سارے نکلیں اور فارم 45 کی حفاظت کریں، وکلا فارم 47 بھی بغیر دھاندلی کے حاصل کریں۔ علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے واضح کہا ہے کہ دھاندلی کو روکیں، ہم پر جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، کل ایک آتشبازی کا انار چلانے کی ایف آئی آر کاٹ دی گئی، ہم نے رمضان میں دعا کرائی تو اس کا بھی مقدمہ درج کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر اور میری بہن پر چھ چھ مقدمات بنا دیئے گئے ہیں۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا پوری قوم کو پیغام ہے کہ ووٹ کی حفاظت کریں، عمران خان کے وکیل سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ووٹ کی بات کریں تو سارا لاہور پی ٹی آئی کو ووٹ ڈالے گا، لاہور کے عوام جانتے ہیں کہ پاکستان کا پیسہ بھی چوری کیا گیا اور 8 فروری کو ووٹ بھی چوری کیا گیا۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ ہمارا بھانجا حسان نیازی اور عباد فاروق ملٹری جیل میں تھے، اب وہ دونوں کل سے لا پتہ ہیں، بتایا جائے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں نہیں رہتے، یہ فوج بھی ہماری ہے، فوج میں تھوڑے سے لوگ ہیں جن کو اپنی نوکری کی پڑی ہے۔ قبل ازیں جناح ہاؤس حملہ کیس میں عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی گئی۔

لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عمران خان کی بہنیں عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت پیش ہوئیں۔ عدالت نے تفتیشی افسر سے آئندہ سماعت پرمکمل تفتیشی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عمران خان کی بہنوں سمیت 34 ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں21 مئی تک توسیع کا حکم دیدیا۔
خبر کا کوڈ : 1129871
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش