0
Friday 1 Mar 2024 15:45

در کار خیر حاجت ھیچ استخارہ نیست

در کار خیر حاجت ھیچ استخارہ نیست
تحریر: سید تنویر حیدر

اسلامی جمہوری ایران کی مجلس شوری کے بارہویں اور مجلس خبرگان رہبری کے چھٹے انتخابات کا آغاز ہوگیا۔ آج جمعة المبارک کے دن سے اس انتخابی عمل کا آغاز اہل ایران کے روایتی جوش و خروش سے ہوا۔ رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمٰی خامنہ ای نے ووٹنگ شروع ہونے کے ابتداٸی لمحات میں حسینہ امام خمینی (رح) میں سو سے زیادہ صحافیوں اور ملکی و بین الاقوامی میڈیا کے کیمرہ مین حضرات کی موجودگی میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے خطاب میں ووٹ ڈالنے کے عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ایرانی عوام کو دو امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت فرماٸی۔ اول یہ کہ وہ اس نیک کام میں آگے بڑھیں اور اپنے ووٹ کو انتخابی عمل کے شروع ہونے کے ابتداٸی گھنٹوں میں کاسٹ کریں۔ گویا انہوں نے انتخابات میں شرکت کو ایک نیک عمل سے تعبیر کیا اور اس عمل کو ہر نیک عمل کی طرح جلد از جلد بجا لانے کی سفارش کی۔

اسلامی انقلاب کے آغاز سے اب تک ایران کے جمہوری اسلامی نظام میں رائے عامہ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے اور ثابت کیا گیا کہ ایران کی عوام ایران کے اسلامی جمہوری نظام پر کامل اعتماد رکھتی ہے۔ دشمنان انقلاب کا شروع دن سے یہ پروپیگنڈہ رہا ہے کہ ایران کی حکومت اپنے عوام پر غیر جمہوری طریقے سے مسلط ہے اور یہ کہ ایرانی عوام کا اپنے حکمرانوں سے کوٸی رشتہ نہیں ہے لیکن مغرب کا یہ منفی پروپیگنڈہ اس وقت دم تور دیتا ہے جب ہم اس زمینی حقیقت کا مشاہدہ کرتے ہیں کہ ایران میں انتخابی عمل انقلاب اسلامی سے لے کر اب تک اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق انجام پاتا رہا ہے اور اس کی بین الاقوامی نامہ نگار آزادانہ کوریج کرتے رہے ہیں۔ ایران کی عوام کا اپنے حکومتی نماٸندگان پر اعتماد ان کے اعلیٰ سیاسی شعور کی علامت ہے۔

ایسے میں جب کہ امریکہ جیسی بظاہر جمہوری ریاست میں بھی امریکی عوام اپنے جمہوری حقوق کی پامالی پر واٸٹ ہاٶس پر چڑھ دوڑتے ہیں، ایرانی عوام انتہاٸی پرامن طریقے سے الیکشن میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے حقیقی نماٸندگان کا انتخاب کرتے ہیں۔ آج مغرب اور بالخصوص امریکی عوام کو ان کے حکمرانوں نے ضمیر کا قیدی بنا دیا ہے۔ حال ہی میں فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر جس طرح خود امریکی عوام اپنے حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں وہ خود مغرب کی نام نہاد جمہوریت اور اس کے سرمایہ دارانہ نظام کے رخسار پر زبردست طمانچہ ہے۔ کچھ ہی روز قبل ایک امریکی فوجی افسر نے خود سوزی کرکے پورے صیہونیت زدہ امریکی نظام کو راکھ کے ڈھیر میں بدل دیا ہے۔

دوسری بات جو انتخابی عمل کے حوالے سے رہبر معظم نے کی وہ یہ کہ عوام تمام حلقوں میں ضروری ووٹوں کو لازمی کاسٹ کریں۔ یعنی انتخابی عمل میں بھرپور شرکت عوام کی ذمہ داری ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے خطاب میں مزید فرمایا کہ جان لو! آج دنیا میں بہت سے افراد اور سیاسی عہدوں پر براجمان لوگوں کی نظریں ایران پر لگی ہوٸی ہیں۔ لہذا آپ کو چاہیئے کہ آپ اپنے دوستوں کو اپنے انتخابی عمل سے خوش کریں اور اپنے بدخواہوں کو مایوس کریں۔ رہبر معظم نے ان لوگوں کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں جو کسی وجہ سے اس انتخابی عمل سے ہچکچا رہے، ایران کے ایک عظیم شاعر حافظ شیرازی کے ایک شعر کا حوالہ دیا جس میں حافظ کہتے ہیں کہ ” در کار خیر حاجت ھیچ استخارہ نیست“ یعنی نیک کام میں استخارے کی ضرورت نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 1119569
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش