0
Thursday 25 Apr 2024 15:20

پشتونخوا میپ جعلی فارم 45 بنا کر پراپیگنڈا کر رہی ہے، زمرک اچکزئی کا الزام

پشتونخوا میپ جعلی فارم 45 بنا کر پراپیگنڈا کر رہی ہے، زمرک اچکزئی کا الزام
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے رہنماء زمرک اچکزئی نے پی بی 50 میں دوبارہ الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشتونخوا میپ جعلی فارم 45 بنا کر پراپیگنڈا کر رہی ہے۔ سیاسی مخالفین الیکشن میں شکست برداشت نہیں کر پا رہے۔ اسی لئے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے این پی بلوچستان کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماء زمرک اچکزئی نے کہا کہ 21 اپریل کو قلعہ عبداللہ میں پی بی 50 میں دوبارہ الیکشن کے لئے پولنگ ہوئی۔ جس میں اے این پی نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ پی بی 50 میں یہ میرا پانچواں الیکشن تھا۔ جس میں ایک بار پھر جیت حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ الیکشن جیتے ہیں، اگر مخالفین ہم پر کیس کریں گے تو ہم چھٹا الیکشن بھی جیتیں گے اور ساتواں بھی جیتیں گے۔

اے این پی رہنماء نے کہا کہ پورے قلعہ عبداللہ میں پرامن الیکشن ہوا۔ پرامن الیکشن کو مخالفوں نے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔ سیاسی مخالفین نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی۔ تاہم انتظامیہ صورتحال کنٹرول میں کامیاب رہی۔ زمرک اچکزئی نے الزام عائد کیا کہ پشتونخوا میپ کی جانب سے جعلی فارم 45 بنا کر پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ وہ جمعیت علمائے اسلام، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار سے الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین اپنی شکست برداشت نہیں کر پا رہے ہیں۔ اسی لئے دھاندلی کے الزامات لگا رہے ہیں۔ غنڈہ گردی، منشیات اور تخریب کاری کے خلاف ہیں۔ انہوں نے بلوچستان حکومت میں شمولیت سے متعلق کہا کہ پارٹی کے فیصلے کے مطابق ہی حکومت کا حصہ بننے یا نہ بننے کا فیصلہ کریں گے۔ بلوچستان میں حکومت یا اپوزیشن میں بیٹھنے کے حوالے سے جلد صوبائی قیادت فیصلہ کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 1131016
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش