0
Saturday 4 May 2024 22:30

منعم ظفر کی قیادت میں وفد کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات، مسائل پر گفتگو

منعم ظفر کی قیادت میں وفد کی وزیر بلدیات سندھ سے ملاقات، مسائل پر گفتگو
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے عبوری امیر منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے وزیر بلدیات سندھ سعید غنی سے کراچی میں انکے دفتر میں ملاقات کی اور عوامی مسائل کے حل کیلئے ٹاؤن و یوسی کی سطح پر انتظامی و مالی مشکلات و رکاوٹوں اور فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی اور زور دیا کہ سندھ حکومت ٹاؤن و یوسی چیئرمینوں کو درپیش مشکلات دور کرے، تاکہ عوامی مسائل حل ہو سکیں۔ وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر سیف الدین ایڈوکیٹ، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین اور ٹاؤن چیئرمین لانڈھی عبدالجمیل خان بھی شامل تھے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے ٹاؤن و یوسی کی سطح پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور واٹر کارپوریشن کی تقسیم کار، آکٹرائے ضلع ٹیکس کی مد میں ٹاؤنز اور یوسی میں آنے والی موجودہ ناکافی رقم اور اس میں خاطر خواہ اضافے، پراپرٹی ٹیکس کی وصولی کے طریقہ کار اور یوسیز کو مضبوط و مستحکم (Empower) کرنے سمیت ملازمین کی بڑی تعداد اور سرکاری افسران کے رویئے پر گفتگو کی۔

رہنماؤں نے کہا کہ افسران کے تقرر اور تبادلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا جائے اور اہل و دیانتدار افسران مقرر کئے جائیں۔ ملاقات میں سالانہ ترقیاتی پروجیکٹ پر بھی خصوصی طور پر توجہ دلائی گئی اور پانی کے بحران اور بیشتر علاقوں میں پانی کی عدم فراہمی سے عوام کی مشکلات کو بھی حل کرنے پر زور دیا۔ صوبائی وزیر نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی جانب سے پیش کئے گئے نکات اور منتخب نمائندوں کو درپیش انتظامی و مالی مشکلات و پریشانیوں کو دور کرنے کی یقین دہانی کروائی، ملاقات میں مذکورہ بالا مسائل کے حل کے حوالے سے آئندہ بھی ملاقاتیں کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 1132845
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش