0
Wednesday 24 Apr 2024 09:06

عالمی برادری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف اقدامات کرے، امتیاز نسیم

عالمی برادری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف اقدامات کرے، امتیاز نسیم
اسلام ٹائمز۔ وزیر جموں و کشمیر لبریشن سیل محترمہ امتیاز نسیم نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کی کارکردگی میں مزید اضافے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت مختلف خطوط پر کام کیا جا رہا ہے۔ جموں و کشمیر لبریشن سیل انتہائی اہمیت کا حامل ادارہ ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق تحریک آزادی کشمیر سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ان کی قیادت میں جموں و کشمیر لبریشن سیل کو مثالی ادارہ بنائیں گے تاکہ یہ ادارہ مزید موثر انداز میں کام کر سکے۔جموں و کشمیر لبریشن سیل کو مزید فعال اور متحرک بنانے کے لئے اسے ضرورت کے مطابق وسائل مہیا کئے جائیں گے تاکہ یہ ادارہ اپنے قیام کے اغراض و مقاصد احسن انداز میں پورے کر سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر سنٹر راولپنڈی کے دورے کے موقع پر بریفنگ کے دوران آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کشمیر سنٹر راولپنڈی راجہ خان افسر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد محمود، انچارج سوشل میڈیا نجیب الغفور خان موجود تھے۔

وزیر حکومت نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل میں فعال، متحرک اور مستند ٹیم موجود ہے ہم سب نے مل کر اس ادارہ کی کارکردگی میں مزید اضافہ کرنا ہے اور اسے ترقی سے ہمکنار کرنا ہے۔ کشمیر سنٹر راولپنڈی وفاقی دارالحکومت میں ہونے کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا آج کے دور میں سوشل میڈیا موثر ترین ہتھیار ہے، تحریک آزادی کشمیر کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لئے سوشل میڈیا سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد اور ریاستی جبر کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر بھارت کے خلاف عالمی برادری اقدامات کرے، تحریک آزادی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں پر بھارتی فوج کے مظالم سے نوجوان نسل، وطن عزیز کے شہریوں اور عالمی برادری کو آگہی اور شعور فراہم کرنے کیلئے جموں و کشمیر لبریشن سیل کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

محترمہ امتیاز نسیم نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں اور بیس کیمپ کی حکومت میں روابط کو مضبوط بناتے ہوے عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر کی طرف متوجہ کرنے کیلیے اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر لبریشن سیل کا سوشل میڈیا انتہائی متحرک ہے موجودہ دور میں سوشل میڈیا کے ٹول کو زیادہ استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔آزادکشمیر کی تمام یونیورسٹیز میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سمینارز، کانفرنسز اور ورکشاشپس کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1130708
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش