0
Friday 19 Apr 2024 21:25

مسلمانوں پر پابندیاں لگانے والوں کے بجائے مذہبی آزادی دینے والی پارٹیوں کو ووٹ دیا جائے، مولانا ارشد مدنی

مسلمانوں پر پابندیاں لگانے والوں کے بجائے مذہبی آزادی دینے والی پارٹیوں کو ووٹ دیا جائے، مولانا ارشد مدنی
اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم دیوبند اور جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے درمیان بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں کو محدود کیا جا رہا ہے اور ہم پر یکساں سول کوڈ (یو سی سی) تھوپا جا رہا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے یہ بھی کہا کہ آپ اس پارٹی کو ووٹ دیں جو اقلیتوں کو ان کی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دے، ووٹ اس کو دیں جو کہتا ہے کہ ہم مذہبی آزادی دیں گے، آج ملک کے مسلمانوں کو محدود کیا جا رہا ہے، ان کے حقوق محفوظ نہیں ہیں۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ ہم پر قدغن لگائی جا رہی ہے، ووٹوں کی تقسیم نہیں ہونی چاہیئے، یہ بھی ایک مسئلہ ہے، اس کی وجہ سے مسلمانوں کو سب سے زیادہ نقصان ہو رہا ہے، کچھ پارٹیوں نے کہا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئیں تو اقلیتوں کو  نہیں تنگ کریں گے، اس لئے ایسی پارٹیوں کی حمایت کی جائے۔

مولانا ارشد مدنی نے دعویٰ کیا کہ یو سی سی کو مسلمانوں پر مسلط کیا جا رہا ہے۔ مسلمانوں کو سب سے زیادہ تکلیف ہوتی ہے، مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سے کوئی فتویٰ جاری نہیں ہوتا، فتویٰ دینا ہمارا کام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہے کہ آپ کس کو ووٹ دیں، سیکولرازم کو ضرور ووٹ دیں۔ واضح رہے کہ پارلیمانی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے آج 102 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی ہے۔ ان میں سے، اترپردیش کی آٹھ پارلیمانی سیٹوں پر صبح سے ووٹنگ  ہوئی، جن میں پیلی بھیت، سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، نگینہ، مراد آباد اور رام پور کی سیٹیں شامل ہیں۔ ان آٹھ سیٹوں میں کئی جگہوں پر مسلم ووٹروں کا بہت فیصلہ کن کردار ہے، یہاں انڈیا الائنس اور بی جے پی کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش