اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماء حامد خان کا کہنا ہے کہ شہباز حکومت سے متعلق کٹھ پتلی والی بات درست ہے، شہباز شریف اور مریم نواز نے الیکشن ہارنے کے باوجود حکومت بنائی ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ حکومت چھوڑیں اور پھر آکر بات کریں تو بات سمجھ میں آتی ہے، ناجائز حکومت میں رہتے ہوئے یہ کس منہ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو جماعتیں اس دھاندلی میں شامل نہیں، ان کے ساتھ اتحاد بن گیا ہے، کوئی سیاسی جماعت آئندہ شفاف طریقے سے چلنے کو تیار ہے تو بات کرنے میں ہرج نہیں۔
حامد خان نے کہا کہ 9 مئی واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کیلئے ہماری پٹیشن دائر ہے، بغیر کسی تحقیقات کے تمام واقعات پی ٹی آئی پر ڈالنا ناجائز ہے، فارم 45 اور 47 سے متعلق پٹیشن بھی سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماء نے مزید کہا کہ 6 ججوں کے خط کا معاملہ فل کورٹ کو سننا چاہیئے، فل کورٹ کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ تمام دستیاب جج شامل ہوں۔