0
Sunday 28 Apr 2024 10:32

بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر سزا ملنی چاہیے، سیاسی ماہرین

بھارت کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر سزا ملنی چاہیے، سیاسی ماہرین
اسلام ٹائمز۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ قابض حکام نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور نوجوانوں کو ہراساں اور گرفتار کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر زبیر احمد، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین سمیت سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے سرینگر میں اپنے انٹرویوز اور بیانات میں مقبوضہ علاقے میں کالے قوانین کی آڑ میں گھروں پر چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں کے دوران بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریوں کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ حریت رہنمائوں، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور یہاں تک کہ عام لوگوں کو بھی جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ بلاجواز گرفتاریوں کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر کے امن اور آزادی پسند عوام کو خوفزدہ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گرفتاریاں اور چھاپے مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو دبانے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے صحافیوں، نوجوانوں، حریت پسندوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو نشانہ بنانا ہندوتوا بی جے پی، آر ایس ایس کی اسی ظالمانہ پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت جموں و کشمیر کے معصوم لوگوں کو نظربند کرنے اور مظالم کا نشانہ بنانے کے لئے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA)، آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA) اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون یو اے پی اے جیسے کالے قوانین کا ستعمال کر رہا ہے۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بی جے پی کی زیر قیادت بھارتی حکومت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں اس کی کٹھ پتلیاں تنازعہ کشمیر کے حل کے تمام پرامن ذرائع کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرنے پر سزا ملنی چاہیے۔ سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے دفعہ370 اور 35-A کی ان کی اصل شکل میں بحالی، مظالم کے خاتمے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 1131678
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش