0
Friday 26 Apr 2024 08:45

معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں 2 روزہ کانفرنس 27 اپریل کو شروع ہوگی

معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر کی یاد میں 2 روزہ کانفرنس 27 اپریل کو شروع ہوگی
اسلام ٹائمز۔ معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر مرحومہ کی یاد میں پانچویں دو روزہ کانفرنس کل سے شروع ہوگی۔ کانفرنس کا عنوان ’’پیپلز مینڈیٹ، جنوبی ایشیا میں شہری حقوق کا تحفظ‘‘ رکھا گیا ہے۔ کانفرنس میں ججز، قانونی ماہرین، سفارتکار، میڈیا کے نمائندے اور انسانی حقوق کیلئے کام کرنیوالی این جی اوز کے مندوبین شرکت کریں گے۔ عاصمہ جہانگیر لیگل ایڈ سیل 27 اور 28 اپریل کو فلیٹیز ہوٹل میں پانچویں عاصمہ جہانگیر کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ تقریب 22 مختلف سیشنز پر مشتمل ہوگی۔ تقریب میں سپریم کورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون، سابق وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چودھری شرکت کریں گے۔
 
پاکستان بار، پنجاب بار سمیت مختلف بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔ یورپ، برطانیہ اور ناروے کے سفیر بھی شرکت کریں گے۔ کانفرنس میں چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، معروف سیاستدان عبدالمالک بلوچ، اختر مینگل شرکت کریں گے۔ بیرسٹر سید علی ظفر، فاروق ایچ نائیک، نفیسہ شاہ، شہلا رضا، خرم دستگیر، بابا جان، تاج حیدر، فرحت اللہ بابر بھی شرکت کریں گے۔ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، عائشہ صدیقہ رضا فاروق، راحیلہ درانی، ثریا بی بی اور ثمر بلورتقریب سے خطاب کریں گے۔ سری لنکا سپریم کورٹ کے سابق جج اور سری لنکا کے انسانی حقوق کمیشن کے چیئرمین جسٹس دهدنیا شریک ہوں گے۔ سپریم کورٹ آف انڈیا کے سابق جج جسٹس مرکنڈے کاٹجو، ڈنمارک کی ہائیکورٹ کے سابق جسٹس فریڈرک ویج، سابق جج اٹارنی جنرل عرفان قادر، جسٹس (ریٹائرڈ) ناصرہ اقبال شرکت کریں گے۔
 
سابق صدر سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن صلاح الدین احمد اور دیگر رہنما شامل ہوں گے۔ سیاسی اور سماجی تجزیہ کار مائیکل کوگلمن (امریکہ) خطاب کریں گے، انسانی حقوق اور بین الاقوامی یکجہتی سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ سیسیلیا بیلیٹ اظہار خیال کریں گی۔ ہیومن رائٹس واچ کی ایشیا ڈویژن کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر پیٹریشیا گوسمین اظہار خیال کریں گی۔ نفرت انگیز جرائم کی روک تھام کے ماہرٹامس فرنانڈیز ولازالا بھی تقریب میں شرکت اور گفتگو کریں گے۔ تقریب میں شرکاء جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں قانونی مسائل پر بات کریں گے۔ جنوبی ایشیا کے مختلف ممالک میں میں ہونیوالے حالیہ انتخابات اور غزہ کی موجودہ صورتحال اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اظہار خیال ہوگا۔
 
غیرملکی صحافی اوون بینیٹ جونز کانفرنس میں شرکت کریں گے، پاکستان سے سینیئر صحافی حامد میر، مظہر عباس، مطیع اللہ جان سمیت دیگر صحافی بھی شرکت کریں گے۔ تقریب میں آزادی اظہار اور ڈیجیٹل حقوق، خواتین اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے حقوق اور صوبوں کے مسائل اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1131198
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش