0
Friday 5 Jul 2024 10:13

ہاتھرس حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیئے، جماعت اسلامی ہند

ہاتھرس حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیئے، جماعت اسلامی ہند
اسلام ٹائمز۔ اترپردیش کے ہاتھرس میں بھولے بابا کے ستسنگ (ہندو مذہبی اجتماع) میں پیش آنے والی بھگدڑ میں تقریبا 120 لوگ ہلاک ہوگئے اور سینکڑوں زخمی ہیں۔ جماعت اسلامی ہند نے اس حادثہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے، اس تباہ کن حادثے کی وجہ سے جان گنوانے والوں میں اکثریت خواتین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے سانحہ پر ہم اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے رشثہ داروں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس سانحے کی فوری غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے تاکہ اس کی بنیادی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے اور یہ معلوم ہو سکے کہ کیا اس طرح کے واقعہ کو روکنے کے لئے موقع پر احتیاطی تدابیر اور حفاظتی پروٹوکول کی مناسب طریقے پر تعمیل کی گئی تھی یا نہیں۔


سلیم انجیبئر نے مزید کہا کہ یہ واقعہ ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ ’ستسنگ‘ میں جمع ہونے والے اتنے بڑے ہجوم کا صحیح اندازہ نہیں لگا سکی اور نہ ہی ہنگامی حالات پیدا ہونے کی صورت میں مضبوط پیشگی منصوبہ بندی کرسکی، انتظامیہ کی اس چوک کی وجہ سے تباہی میں شدت پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انتظامیہ پہلے سے محتاط رہتی تو اتنے بڑے سانحہ اور اس سے ہونے والی تباہی کو روکا جاسکتا تھا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹھوس اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں دوبارہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ مذہبی اجتماعات اور عوامی تقریبات میں حفاظتی امور کو ترجیحی بنیاد پر انجام دے اور اس قسم کے حادثات کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے مضبوط لائحہ عمل تیار کرے تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جاسکے۔
خبر کا کوڈ : 1145847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش