0
Friday 5 Jul 2024 08:22

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت

کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی محرم الحرام میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق کے زیر صدارت محکمہ داخلہ میں محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے جائزہ کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان اور وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے اجلاس کو جاری کردہ ایس او پیز اور انتظامات بارے بریفننگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیرمعمولی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
 
ضلع بندی اور زبان بندی کے احکامات کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔ قانون کے برخلاف لاؤڈ سپیکر کے استعمال پر پابندی ہو گی۔ خواتین کی مجالس کو خصوصی سکیورٹی کور دیا جائے۔ اتحاد بین المسلمین اور امن کمیٹیاں صوبہ بھر میں متحرک کردار ادا کریں گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام  میں سکیورٹی کیلئے محکمہ داخلہ پنجاب میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے لاء اینڈ آرڈر کے ممبران نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور رپورٹس کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ حضرت داتا گنج بخشؒ اور بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ  کے عرس کیلئے بھرپور انتظامات کیے جائیں۔
 
اجلاس کے دوران اٹک اور ڈی جی خان میں رینجرز کی تعیناتی کی مدت میں اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران مختلف اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس لگانے کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس میں ہوم سیکرٹری نورالامین مینگل، سیکرٹری اوقاف سید طاہر بخاری، ایڈیشنل آئی جی چودھری سلطان اور تمام متعلقہ اداروں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ اسی طرح پنجاب بھر سے کمشنرز اور آر پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 1145836
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش