0
Sunday 28 Apr 2024 20:24

بی جے پی میں آر ایس ایس کے سربراہ کا قانون چلتا ہے، سنجے سنگھ

بی جے پی میں آر ایس ایس کے سربراہ کا قانون چلتا ہے، سنجے سنگھ
اسلام ٹائمز۔ دہلی ایکسائز پالیسی بدعنوانی کے معاملے میں طویل عرصے تک تہاڑ جیل میں بند رہنے کے بعد حال ہی میں رہا ہونے والے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ نے ایک بار پھر ریزرویشن اور آئین کے بہانے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی اور ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے، اس لئے وہ 400 سیٹوں کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سربراہ موہن بھاگوت کے ایک ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ پہلا موقع ہے کہ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کو سامنے آکر وضاحت دینا پڑی ہے۔ اس ویڈیو کے حوالے سے عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ اب بی جے پی کی ذہنیت کھل کر سامنے آ گئی ہے اور آر ایس ایس کی طرف سے وضاحت دی جا رہی ہے۔

سنجے سنگھ نے کہا کہ ہم کہتے رہے ہیں کہ بھیم راؤ امبیڈکر کا آئین ملک میں چلتا ہے، لیکن موہن بھاگوت کا آئین بی جے پی میں چلتا ہے، بی جے پی کہتے ہیں کہ ریزرویشن ختم ہونا چاہیئے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے سنجے سنگھ نے کہا ہے کہ امت شاہ کہتے ہیں کہ بی جے پی 50 سال تک حکومت کرے گی۔ اس کا مطلب ہے کہ الیکشن نہیں ہوں گے کیونکہ یہ لوگ الیکشن ختم کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈر 400 سیٹیں جیتنے کی بات کیوں کر رہے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ الیکشن ختم کرنا چاہتے ہیں، آئین کو بدلنا چاہتے ہیں، ریزرویشن ختم کرنا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ آر ایس ایس کے سربراہ کے نام سے ایک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا جا رہا ہے کہ ریزرویشن ختم کر دینا چاہیئے۔

اس پر موہن بھاگوت نے ایک پروگرام کے دوران کہا کہ ان کے نام پر فرضی ویڈیوز چلائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سنگھ ریزرویشن کے حق میں ہے۔ 27 اپریل کو بھی گجرات کے سورت میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے لیڈر سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی آئین اور ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی جیت گئی تو ملک میں تاناشاہی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں کہنا چاہوں گا کہ سورت صرف ایک مثال ہے، پورا ملک داؤ پر لگا ہوا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی آئین اور بابا امبیڈکر کے ووٹ کی طاقت کو تباہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دلتوں، پسماندہ طبقات اور استحصال زدہ طبقات کے ریزرویشن کے حقوق کو بھی ختم کرنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1131771
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش