0
Wednesday 24 Apr 2024 10:27

آزاد کشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں، بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز مہیا کر دیے

آزاد کشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں، بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز مہیا کر دیے
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے وزیر بلدیات راجہ فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں بلدیاتی اداروں کی کارکردگی مؤثر بنانے اور بلدیاتی نمائندگان کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کے لئے قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں آزاد کشمیر بھر کے  بلدیاتی اداروں، بلدیاتی نمائندوں کو ترقیاتی فنڈز مہیا کر دیے ہیں تاکہ لوگوں کے مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل مظفرآباد، فنڈز اور اختیارات کی نسبت وزیر بلدیات کی سربراہی میں قائم کمیٹی کے اور سب کمیٹی کے ممبر سردار امتیاز احمد عباسی نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں کو فعال اور مضبوط بنانا چاہتی ہے تاکہ ان اداروں کے منتخب عوامی نمائندے بہتر طریقے سے اپنا حق نمائندگی ادا کرتے ہوئے مقامی سطح پر ترقیاتی عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں اور بلدیاتی انتخابات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات پر وزیراعطم اور وزیر بلدیات کی منظوری کے بعد سیکرٹریٹ لوکل گورنمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر کے بلدیاتی اداروں کیلئے ابتدائی طور پر مالی سال 2023ـ24ء کیلئے 411 ملین روپے کی رقم بطور گرانٹ ان ایڈ فراہم کی جا رہی ہے اور متعلقہ ادارے گرانٹ ان ایڈ کے تحت ملنے والی رقوم استعمال کرنے میں مکمل طور پر مجاز اور سکیمیں مرتب منظور کرنے میں بااختیار ہونگے تاہم یہ رقوم صرف ترقیاتی کاموں، منصوبوں پر ہی خرچ کی جائے سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر کی تمام شہری، بلدیاتی اداروں، ضلع کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیز اور ٹاون کمیٹیز کو فی وارڈ ایک ملین یعنی 10 لاکھ روپے اور دیہی یونین کونسلز کو بھی فی یونین کونسل ایک ملین یعنی (10لاکھ) روپے گرانٹ ان ایڈ کی صورت میں مہیا کی جا رہی ہے۔

انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ضلع کونسل مظفرآباد کی 41 یونین کونسلز کیلئے 41 ملین روپے جبکہ میونسپل کارپوریشن میرپور کی 46 وارڈ کیلئے 46 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ فراہم کی جائیگی، ضلع کونسل کوٹلی کی 58 یونین کونسلز کیلئے 58 ملین روپے، میونسپل کارپوریشن کوٹلی کے 14 وارڈز کیلئے 14ملین روپے، ضلع کونسل بھمبر کی 31 وارڈ کیلئے 31ملین روپے، ضلع کونسل میرپور کی 27 یونین کونسلز کیلئے 27 ملین روپے جبکہ میونسپل کارپوریشن مظفرآباد کی 36وارڈز کیلئے 36 ملین روپے، ضلع کونسل نیلم کی 15 یونین کونسلز کیلئے 15 ملین روپے، ضلع کونسل جہلم ویلی کی 18 یونین کونسلز کیلئے 18 ملین روپے، ضلع کونسل باغ کی 28 یونین کونسلز کیلئے 28 ملین روپے، میونسپل کارپوریشن باغ کی 15 وارڈذ کیلئے 15 ملین روپے، ضلع حویلی کی 12 یونین کونسلز کیلئے 12 ملین روپے، ضلع کونسل راولاکوٹ کی 29 یونین کیلئے 28 ملین روپے، میونسپل کارپوریشن راولاکوٹ کی 22 وارڈذ کیلئے 22ملین روپے جبکہ ضلع کونسل سدھنوتی کی 19 یونین کیلئے 19 ملین روپے گرانٹ ان ایڈ مہیا کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم 30 جون سے قبل خرچ کی جائے گی لہذا متعلقین فوری طور پر ترقیاتی سکیمیں مرتب کر کے متعلقہ فورمز پر پہنچائیں تاکہ بر وقت فنڈز خرچ ہوں اور لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
خبر کا کوڈ : 1130729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش