0
Friday 19 Apr 2024 21:37

جنگ غزہ کے اختتام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، الجزائری وزیر خارجہ

جنگ غزہ کے اختتام کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، الجزائری وزیر خارجہ
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ "حسین امیر عبداللهیان" سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لئے اس وقت نیویارک میں موجود ہیں، جہاں انہوں نے الجزائر کے وزیر خارجہ "احمد عطاف" سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی و بین الاقوامی صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان نے اوپک گیس کے سربراہی اجلاس میں ایرانی صدر کے پُرتپاک استقبال کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علاقے میں قیام امن کے لئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور مشاورت میں وسعت کی ضرورت پر زور دیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ میں صیہونی رژیم کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کو روکنے کے لئے الجزائر کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی رکنیت کے لئے الجزائر کی حمایت کی قدر دانی اور نامناسب امریکی ویٹو کی مذمت کی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی سطح پر دوطرفہ روابط میں توسیع کے لئے ایران کی آمادگی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب احمد عطاف نے اس ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھی ایران کے ساتھ تمام سطحوں پر تعلقات میں وسعت پر زور دیا۔ انہوں نے اوپک گیس اجلاس میں ایران کے کردار اور سیاسی مشاورت کی تعریف کی۔ الجزائر کے وزیر خارجہ نے ایران کے ان اقدامات کو دوطرفہ تعلقات میں امتیازی کیفیت قرار دیا۔ انہوں نے غزہ کی صورت حال پر ایران کی سفارتی کوششوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کا حل الجزائر کی اولین ترجیح ہے۔ ہم غزہ میں جنگ کے اختتام کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ آخر میں دونوں وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی سمیت ہر سطح پر تعلقات میں اضافے کی یقین دہانی کروائی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد کی ضرورت زور دیا۔
خبر کا کوڈ : 1129804
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش