0
Saturday 13 Apr 2024 11:28

پاکستان کو آئین کے مطابق چلائیں گے تو دلدل سے نکلے گا، سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری

پاکستان کو آئین کے مطابق چلائیں گے تو دلدل سے نکلے گا، سینیٹر راجہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ذمہ دار ہم پر مسلط رہنے والے حکمران ہیں۔ آئین کے ذریعے ہی ہم متحد رہ سکتے ہیں۔ یہی ہر چیز کو اپنی جگہ پر رکھتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی دنیا میں پاکستان کا پیارا نام ہو۔ یہ ہماری منزل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے ضلع پشین میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے تحت اپوزیشن گرینڈ الائنس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آئین کی پامالی، مہنگائی اور مسنگ پرسنز کے مسئلے سمیت دیگر مسائل پر بات کی۔ اس موقع پر پشتونخوا میپ کے سربراہ محمود خان اچکزئی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر جان مینگل، پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری عمر ایوب، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا اور جماعت اسلامی کے نائب امیر عطاء الرحمان سمیت دیگر سیاسی شخصیات بھی موجود تھے۔

ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ بلوچستان بہادروں کی سرزمین ہے۔ جو سالا سال سے ظلم کی چکی میں پستے رہیں، مگر سر نہیں جکایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک ہیں اور اسی مادر وطن کے بیٹے ہیں۔ ہمارے اور پاکستان کے دشمنوں نے ہمیں ٹکڑوں میں بانٹنے اور تقسیم در تقسیم کرنے کی کوشش کی، تاکہ ہم الگ تلگ رہیں۔ ہمیں مسلکوں میں تقسیم کرکے دور کیا گیا تاکہ ہم ایک دوسرے کے لئے آواز نہ اٹھائے۔ کہ اگر بلوچستان کے کسی بھائی پھر ظلم ہوگا تو وہ پاکستان پر ظلم ہوگا۔ ہم اسے محسوس کرتے ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے دست و بازو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس وطن میں ہم رہ رہے ہیں ہمارے دشمنوں، نالائقوں اور نااہلوں نے اس پر گہرے وار کئے ہیں۔ آج اسی لئے ہمارے ملک کا یہ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نہج پر ان لوگوں نے پہنچایا ہے جنہوں نے 75 سال اس ملک پر حکومت کی اور اپنی نالائقی ثابت کی۔ ہمارے عوام انتہائی محنتی ہیں، تاہم اس وطن کو لوٹا گیا۔ وہ لوگ جو ہم پر مسلط رہیں انہوں نے ہمارا وطن لوٹا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آٹھ فروری کے انتخابات میں بھی ایسا ہی ہوا۔ جسے عوام لانا چاہتے تھے اسے جیل میں رکھا گیا اور جسے عوام نے تین طلاقیں دی ہیں اسے منصب پر مسلط کر دیا ہے۔ اس ملک کو پاکستان کے آئین کے مطابق چلائیں گے تو یہ اس دلدل سے نکل سکے گا۔ آئین کہتا ہے کہ ہر چیز اپنی جگہ پر ہو، آئین ہمیں جوڑ کر رکھتا ہے۔ یہ ہمارے درمیان وہ معائدہ ہے جسکی بنیاد پر ہم اکھٹے رہ سکتے ہیں۔ لہٰذا ہم نے فیصلہ کیا ہے ہم مل کر آئین کی حفاظت کریں گے۔ ہم عوام کی طاقت کے ذریعے آمیروں اور جعلی بزدل ظالموں سے یہ طاقت چھینیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ آئین و قانون ہر چیز کو اپنی جگہ پر رکھتا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کہاں ہو، بیوروکریسی کہاں ہو، سیاستدان کہاں ہو۔ عوام کی طاقت کا سرچشمہ پارلیمان ہے، جسکو طاقتور بنانا ہے، تاکہ کوئی طاقتور پاکستان کے اقتدار پر ڈاکہ نہ ڈال سکے۔ ان ڈاکوؤں سے بچانے کے لئے ہم اٹھے ہیں اور یہ تحریک پورے پاکستان میں جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے عوام کو کچل کر رکھ دیا ہے۔ یہ ہمیں مایوس کرنا چاہتے ہیں مگر ہم مایوس نہیں ہونگے۔ انہوں نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قرآن ہم سے کہتا ہے کہ کبھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہونا۔ لیکن یہ شرط بھی رکھی ہے کہ جب لوگ خود حالات کو بدلنے کے لئے اٹھیں گے تو اللہ پھر مدد کرے گا۔ اور جب اللہ مدد کرے گا تو دنیا کا کوئی فرعون، نمرود، یزید ہمارے سامنے نہیں کھڑا ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے مسنگ پرسنز کو کبھی نہیں بھول سکتے۔ جنہیں غیر قانونی طور پر اٹھایا گیا اور جن بے گناہوں کو مارا گیا۔ وہ سب ہمارے بھائی ہیں اور ہم ان کا درد محسوس کرتے ہیں۔ جب آئین کی حکمرانی ہوگی تو کسی کو قتل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ پاکستان باوقار ملک بنے گا، ترقی کرے گا۔ اقوام عالم میں پاکستان کا پیارا نام ہوگا۔ یہ ہماری منزل ہے۔ جس پر ہم آخری دم تک ثابت قدم رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1128245
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش