0
Wednesday 17 Apr 2024 09:01

حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، سردار عتیق

حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے پورے جنوبی ایشیا کا امن و استحکام دائو پر لگ چکا ہے۔ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان، آسیہ اندرابی اور دیگر رہنمائوں اور کارکنوں  کی بھارت اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی مختلف جیلوں میں مسلسل غیر قانونی نظربندی قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غازی آباد مجاہد منزل میں مسلم کانفرنسی کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعتہ الوداع اور عید کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینا قابل مذمت اور اپنے مذہب پر عمل کرنے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ 

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مقبوضہ کشمیر کو ایک فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے جبکہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور مودی حکومت کے دیگر مظالم نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے گھروں پر چھاپوں اور درجنوں کارکنوں کی گرفتاریاں سیاسی انتقام ہے جس کا مقصد اپنے مادر وطن پر ہندوستان کے غیر قانونی قبضے کو چیلنج کرنے پر کشمیریوں کو سزا دینا ہے۔ انہوں نے ہندوستانی فورسز کے ساتھ ساتھ بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور ایس آئی اے کے اہلکاروں کی طرف سے سرینگر، بارہمولہ، کپواڑہ، کولگام، بانڈی پورہ، پلوامہ، شوپیان، اسلام آباد، بڈگام، گاندربل، پونچھ، راجوری، کشتواڑ اور دیگر اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران عام لوگوں کو نشانہ بنائے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کو اپنے جائز مطالبے سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتے اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کو ہر صورت میں اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ اس طرح کی کارروائیوں سے پورے علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ اور بین الاقوامی طاقتوں کی خاموشی سے جنوب ایشیاء میں امن کو شدید خطرات لاحق ہیں اگر اقوام متحدہ نے کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق نہ دیا تو جنوب ایشیاء ہولناک تباہی سے دوچار ہو جائے گا۔ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جب تک کشمیریوں کو بھارت کے چنگل سے آزادی نہیں مل جاتی اس وقت تک کشمیری بھارت کے خلاف سراپااحتجاج رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1129192
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش