0
Thursday 8 Feb 2018 23:35
عمران خان نے خیبر پختونخوا کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، سپریم کورٹ پرویز خٹک کو نااہل قرار دے

عمران، خان نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کا چور ہے، رائو انوار کو آصف زداری نے چھپا رکھا ہے، عائشہ گلالئی

قصور کے 200 بچوں کا کیس فوجی عدالتوں میں چلایا جائے، فوجی عدالتوں میں رشوت اور سفارش نہیں ہوتی
عمران، خان نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کا چور ہے، رائو انوار کو آصف زداری نے چھپا رکھا ہے، عائشہ گلالئی
عائشہ گلالئی کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے، ماسٹر کی ڈگری جامعہ پشاور سے حاصل کی، جنوبی وزیرستان سے ایک سماجی کارکن کے طور پر سیاسی کام کا آغاز کیا، پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے قبائلی علاقہ جات میں کوارڈینیٹر کے طور پر کام کیا۔ بعدازاں آل پاکستان مسلم لیگ کا بھی حصہ رہیں، 2008ء کے عام انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے گلالئی کو ٹکٹ دینے کا سوچا, لیکن ان کی عمر کے کم ہونے کیوجہ سے ایسا نہیں کیا گیا۔ 2012ء میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور پی ٹی آئی مرکزی کمیٹی کی ایک رکن کے طور پر نامزد ہوئیں، عائشہ گلالئی بالواسطہ طور پر پاکستان کی قومی اسمبلی کi رکن منتخب ہوئیں، وہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان کے عام انتخابات 2013ء میں کامیاب ہوئیں۔ یکم اگست 2017ء کو عائشہ گلالئی نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران حان اور انکے قریبی لوگوں پر شدید تنقید کی اور جنسی ہراساں کرنیکا الزام لگاتے ہوئے پی ٹی آئی کو چھوڑنے کا اعلان کر دیا، بعدازاں عائشہ گلالئی نے ملک کے مختلف حصوں میں پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کیخلاف کمپئین شروع کر دی، گذشتہ دنوں اسی حوالے سے اُنہوں نے جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر اسلام ٹائمز نے اُنکے ساتھ خصوصی گفتگو کی، جو حاضر خدمت ہے۔ادارہ

اسلام ٹائمز: پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون میں سے کون سے پارٹی جوائن کرینگی۔؟
عائشہ گلالئی:
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ میں کسی پارٹی میں شمولیت کا ارادہ نہیں رکھتی، بلکہ اپنی جماعت بنانے پر کام کر رہی ہوں، آصف زرداری اور عمران خان کے جلسوں میں میں ڈانس مقابلے ہو رہے ہیں، پہلے ایک دوسرے کو چور کہتے تھے، اب یہ دونوں آپس میں مل گئے ہیں، ایک سندھ کا چور اور دوسرا خیبر پختونخوا کا چور ہے، عمران خان کو لوگ اب ووٹ نہیں بددعائیں دیں گے، عمران خان نے گالی، طلاق اور دوسرے کی بے عزتی کے کلچر کو فروغ دیا۔ منافقت، جھوٹ، اخلاقی دیوالیہ پن اور یو ٹرن سے پی ٹی آئی کے کارکن باغی ہوچکے ہیں، اب پارٹی میں جنون نہیں پیسہ چلتا ہے، عام آدمی، طالبعلم، خواتین، غریب اور مزدور کی نہ اہمیت ہے اور نہ عزت۔ سینیٹ کے تمام ٹکٹ سرمایہ داروں میں بانٹے گئے، کروڑوں روپیہ چندہ لیا گیا، عمران خان نے جنوبی پنجاب میں سے کسی ایک شخص کو بھی سینیٹ کیلئے نہیں چنا۔

اسلام ٹائمز: نئی پارٹی کا اعلان کب کرینگی، آپکی پارٹی میں کون کون شامل ہیں اور اپنی پارٹی کا نام کیا رکھیں گی۔؟
عائشہ گلالئی:
پاکستان تحریک انصاف کے جتنے بھی باغی کارکنان ہیں، وہ سب میری پارٹی کا حصہ ہوں گے، میں پورے پاکستان سے پی ٹی آئی کے ناراض اور علیحدہ ہونے والے رہنمائوں سے ملاقاتیں کر رہی ہوں اور ان سب نے مجھے حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے، اپنی نئی سیاسی پارٹی کا نام پاکستان تحریک انصاف گلالئی رکھوں گی، بہت جلد ایک بھرپور پریس کانفرنس میں نئی پارٹی کا اعلان کروں گی، میری الگ پارٹی کی وجہ اس وقت چوروں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے، سندھ کے چور اور خیبر پختونخوا کے چور آج ایک ہی سٹیج پر نظر آتے ہیں، ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہوتے ہیں، عمران خان کرپشن اور جھوٹ بولنے والوں کا سرغنہ ہے، بلین ٹری سونامی کے بارے میں ہر جلسے میں کہتا ہے کہ ایک ارب اٹھارہ کروڑ درخت لگائے ہیں، جب کاغذات سامنے آئے تو 22 کروڑ نکلے کاغذی کارروائی، اصل میں تو ایک درخت نہیں لگایا گیا، عمران خان نے پہلے بیوٹی فیکیشن پر کروڑوں روپے خرچ کئے، اب پشاور کو اکھاڑ کر جنگلہ بس تعمیر کر رہا ہے، پہلے تین ارب میں جنگلہ بس بنا رہا تھا، اب 57 ارب روپے میں جنگلہ بس بنا رہا ہے، یہ قرضہ لیکر کام کر رہا ہے اور اس کے نتائج خیبر پختونخوا کے عوام کو بھگتنا پڑیں گے۔ اب عمران خان کو لوگ ووٹ نہیں بددعائیں دیں گے، لیکن اب عمران کو ووٹ کی نہیں پیسوں کی ضرورت ہے، اس کا منشی خیبر پختونخوا کا وزیراعلٰی ہے، پرویز خٹک اس تمام لوٹ مار کا سرغنہ ہے، جس کی وہ سرپرستی کر رہا ہے۔

اسلام ٹائمز: آپ پر پاکستان تحریک انصاف سے بغاوت پر مسلم لیگ نون سے مراعات اور پیسہ لینے کا الزام لگایا جاتا ہے۔؟
عائشہ گلالئی:
مسلم لیگ نون سے پیسے لینے کا الزام غلط ہے، جبکہ عمران خان میرے الزامات کے بعد چھپ کر بیٹھ گئے ہیں، اگر میرے الزامات غلط ہیں تو وہ میرے خلاف کیس دائر کر دیں، دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا، پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان ڈکٹیٹر مائنڈ رکھتے ہیں، ان کے پاس کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی وہ حکومت چلانے کا علم رکھتے ہیں، عمران خان اناڑی ہیں، تحریک انصاف اپنے منشور سے ہٹ گئی ہے، پی ٹی آئی میں غریبوں اور نوجوانوں کی بجائے کرپٹ اور سرمایہ دار لوگ قابض ہیں، تحریک انصاف میں غریبوں، نوجوانوں اور خواتین کا کوئی احترام نہیں رہا۔

اسلام ٹائمز: ملک میں حالیہ واقعات، رائو انوار، عاصمہ قتل کیس، مشال قتل کیس کے حوالے سے کیا کہیں گی۔؟
عائشہ گلالئی:
بحریہ ٹاون کے سربراہ ملک ریاض قبضہ مافیا کا نام ہے، کراچی میں جعلی پولیس مقابلے کے ماسٹر رائو انوار آصف علی زرداری کے رازدار تھے، راو انوار کو زرداری نے چھپایا ہوا ہے، عمران خان اب خان نہیں بلکہ خیبر پختونخواہ کا چور ہے، عمران خان نجومیوں سے حکومت مانگ رہا ہے، مولانا فضل الرحمن سے پوچھیں اسلام میں نجومیوں اور جادو گروں کے بارے میں کیا حکم ہے۔؟ ہمارا عقیدہ ہے کہ کسی کو غائب کا علم نہیں، مردان کی عاصمہ رانی، مشال اور شریفاں بی بی کا قاتل نہیں مل رہا، یہ لوگ منہ میں سونے کا چمچہ لے کر پیدا ہوئے ہیں کیا؟، قصور کے 200 بچوں کا کیس فوجی عدالتوں میں چلایا جائے، فوجی عدالتوں میں رشوت اور سفارش نہیں ہوتی۔

اسلام ٹائمز: پاکستان کی تینوں بڑی پارٹیاں موروثیت کیخلاف ہیں اور ووٹ بٹورنے کیلئے طرح طرح کے دعوے کرتی ہیں، آپکے نزدیک ان میں سے کون کم بُرا ہے۔؟
عائشہ گلالئی:
تینوں بڑی پارٹیوں میں کرپشن اور مورثیت کوٹ کوٹ کر بھری ہے، ان میں میرٹ اور آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، تبدیلی کا نعرہ لگانے والی جماعت کرپشن میں مبتلا ہے، وہ موروثی سیاست کی مثال بن چکی ہیں، وہاں پر غریبوں، طالبعلموں اور کسانوں کو کوئی اہمیت حاصل نہیں، عورتوں کا کوئی احترام نہیں، عورتوں کی بے عزتی کی جاتی ہے، کیا یہ ہے تبدیلی، اس پارٹی کا لیڈر کہتا ہے کہ برطانیہ کی سیاست بورنگ ہے، میں کہتی ہوں کہ آج آپ برطانیہ میں ہوتے تو آج جیل میں ہوتے، کیونکہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں جھوٹ بولنے کی اجازت نہیں ہے، آپ مسلسل جھوٹ بولتے ہیں۔ لودھراں میں علی ترین کی کوالیفکیشن ارب پتی اور جہانگیر ترین کا بیٹا ہونا ہے، جسے سکول سے اٹھا کر پارٹی کا ٹکٹ دے دیا۔ میرے نزدیک ان تینوں میں پھر بھی مسلم لیگ بہتر ہے۔

اسلام ٹائمز: ایک بڑا عرصہ آپ بھی پاکستان تحریک انصاف کا حصہ رہیں، آپ بھی کبھی تحریک انصاف کی تبدیلی کے گُن گاتی تھیں۔؟
عائشہ گلالئی:
بس وہ وقت اب گیا، تبدیلی والوں نے خیبر پختونخوا کی عوام کو دھوکہ دیا، جنہوں نے انکو ووٹ دیا، انہوں نے 22 کروڑ درختوں کا حوالہ دیا کہ لگائے گئے، جبکہ حقیقت میں زمین پر 22 درخت بھی نہیں، پشاور میں اپنے تاریخی آثاروں کو مٹا کر جنگلہ بس چلائی ہے، عوام کی طرف سے بددعائیں ملیں گی ووٹ نہیں، پشاور میں کام اپنے ووٹوں کے لئے نہیں بلکہ پیسوں کے لئے کیا، آپ سمجھتے ہیں کہ نواز شریف نے دولت کمائی، کہیں میں پیچھے نہ رہ جاوں۔ نواز شریف کو کام کرنا آتا ہے، روڈ بنانا، میٹرو بنانا، ملک کی ترقی کروانا آتا ہے، لیکن عمران خان کو صرف نقل کرنا اور نقل بنانا آتا ہے۔ عمران خان نے آثار قدیمہ کو جنگلہ بس کیلئے مٹایا، وہ بھی صرف پیسوں کے لئے، آج چیف جسٹس سپریم کورٹ کہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا پولیس غیر جانبدار نہیں رہی، چوروں، لٹیروں اور غنڈوں کے ساتھ خیبر پختونخوا پولیس ملی ہوئی ہے، خیبر پختونخوا کی پولیس پولیس نہیں رہی، مردان کی پولیس کے 2 ڈی ایس پی، 3 ایس ایچ او اغواء، قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بچی کی ویڈیو بنائی گئی، اس میں آپ کے پارٹی کے لوگ ملے ہوئے ہیں، ملزم آزاد گھوم رہا ہے، کیا یہ ہے آپکی تبدیلی۔؟ ان چوروں، لٹیروں، غنڈہ گردوں کے خلاف ایسی عدالت میں کیس چلنا چاہیئے کہ جہاں پر نہ ان کی غنڈہ گردی اور نہ اپروچ ہو، وہ صرف فوجی عدالت ہے۔

اسلام ٹائمز: مستقبل کس پارٹی کا دیکھتی ہیں، جنوبی پنجاب کا دورہ کیا، وزیراعلٰی پنجاب کی کارکردگی کے حوالے سے کیا کہیں گی۔؟
عائشہ گلالئی:
آنے والا دور 80 فیصد لوگوں کا ہے اور وہ 80 فیصد لوگ آپ غریب عوام ہیں، آنے والا دور کسانوں کا دور ہے، میں شہباز شریف کی توجہ اس علاقے کی طرف دلوانا چاہتی ہوں کہ سرائیکی صوبہ بننا چاہیئے، شہباز شریف آپ جنوبی پنجاب کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لیتے ہیں، یہاں کی عوام وزیراعلٰی پنجاب سے اچھی امید رکھتی ہے، پاکستان زرعی ملک ہے، کھاد مہنگی اور کسانوں کو ملتی ہی نہیں، بجلی بھی نہیں ہے، میں شہباز شریف کو کہتی ہوں کہ اس علاقے کے عوام کو بجلی دو، کیونکہ آپ پرویز خٹک نہیں ہیں، ہمارے ملک میں ایک لیڈر تبدیلی کے نام پر بے حیائی اور فحاشی پھیلا رہا ہے، عمران خان نے خیبر پختونخوا کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، سپریم کورٹ پرویز خٹک کو نااہل قرار دے۔
خبر کا کوڈ : 703323
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش