0
Thursday 18 Apr 2024 16:32

اسرائیل امریکی ہتھیاروں کے ذریعے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، امریکی اراکین کانگریس

اسرائیل امریکی ہتھیاروں کے ذریعے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، امریکی اراکین کانگریس
اسلام ٹائمز۔ العالم نیوز چینل کے مطابق حال ہی میں ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ امریکی کانگریس کے 26 اراکین نے امریکی وزیر دفاع لائڈ آسٹن، وزیر خارجہ انٹونی بلینکن اور امریکن نیشنل انٹیلی جنس کے سربراہ ایورل ہائنس کے نام خط لکھا ہے جس میں بائیڈن حکومت میں شامل ان اعلی سطحی حکام کو یاددہانی کروائی گئی ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کے دعوے کے برعکس غاصب صیہونی رژیم کی فوج امریکہ کے فراہم کردہ ہتھیار اور اسلحہ بین الاقوامی قوانین کے اندر رہتے ہوئے استعمال نہیں کر رہی۔ اس خط میں کہا گیا ہے: "گذشتہ ماہ کے دوران اراکین کانگریس، عالمی ادارے، بین الاقوامی عدالتیں، اسرائیل میں انسانی حقوق کے مبصرین اور بعض امریکی حکام، بنجمن نیتن یاہو کے اقدامات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں۔" اس سے پہلے بھی ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ امریکی کانگریس کے تقریباً 40 اراکین نے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غاصب صیہونی رژیم کو اسلحہ اور ہتھیار فراہم کرنا بند کر دے۔ ان چالیس کانگریس اراکین نے، جن میں امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سربراہ نینسی پلوسی کا نام بھی شامل ہے، نے ایک خط کے ذریعے امریکی صدر جو بائیڈن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ صیہونی رژیم کو اسلحہ کی فروخت بند کر دے اور اس رژیم کو فراہم کی جانے والی فوجی امداد مشروط کر دے۔
 
اس خط پر امریکی کانگریس کے ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ اراکین، خاص طور پر نینسی پلوسی کے دستخط، جو امریکی تاریخ میں اہم ڈیموکریٹک رہنما تصور کی جاتی ہیں اور کئی عشروں سے امریکہ اور اسرائیل کے درمیان گہرے تعلقات کی شدید حامی رہی ہیں، سے ظاہر ہوتا ہے کہ غزہ کی پٹی میں صیہونی فوج کی واضح بربریت اور انسان سوز مظالم کے باعث امریکی عوام اور ڈیموکریٹک پارٹی کے سیاسی رہنماوں کی نظر میں غاصب صیہونی رژیم کی پوزیشن کس حد تک گر چکی ہے۔ امریکہ کے آزاد سینیٹر برنی سینڈرز نے بھی اس سے پہلے صیہونی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر انسانی امداد پر مشتمل ہزاروں ٹرک غزہ کی پٹی میں داخل نہ ہوئے تو امریکہ صیہونی رژیم کو فراہم کی جانے والی تمام فوجی امداد بند کر دے گا۔ اسی طرح امریکی کانگریس کے ایک اور ڈیموکریٹک رکن، ٹم کین نے بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے غاصب صیہونی رژیم کو جدید ہتھیاروں کی فراہم کا نتیجہ صرف اہل غزہ کے دکھ اور درد میں اضافے اور خطے کے حالات مزید خراب ہونے کی صورت میں ظاہر ہو گا۔ لہذا انہوں نے امریکہ کی جانب سے صیہونی رژیم کو جدید ہتھیاروں کی فراہمی روک دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1129498
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش