0
Thursday 18 Apr 2024 21:23

روس نے اسرائیل پر فی الفور پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا

روس نے اسرائیل پر فی الفور پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسیلے نیبنزیا نے گذشتہ رات سلامتی کونسل کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے کہا: "سلامتی کونسل میں قرارداد 2728 کی منظوری واضح طور پر ایک ناکافی اقدام تھا کیونکہ آسانی سے اس کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور اس خلاف ورزی کی سزا کے طور پر اس کا ارتکاب کرنے والے یعنی اسرائیل پر فی الفور پابندیاں عائد کر دینی چاہئیں۔" انہوں نے مزید کہا: "اس گھیراو کے شکار چھوٹے سے خطے مین جنگ بندی کا قیام، غزہ کے تمام ضرورت مند افراد تک کسی قسم کی رکاوٹ کے بغیر پرامن طور پر انسانی امداد کی رسائی کی ضمانت فراہم کرے گا اور یوں پورے خطے تک بحران پھیل جانے کے روز افزوں خطرے کو بھی روکا جا سکے گا۔" ویسیلے نیبنزیا نے کہا: "سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کافی نہیں تھی اور اس پر بالکل عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ رمضان کا مہینہ گزر چکا ہے اور طویل المیعاد جنگ بندی کے قیام کا مسئلہ ایک بار پھر شدت پکڑ گیا ہے۔ ہم اس حقیقت سے یہ نتیجہ نکالتے ہیں کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل مستقبل قریب میں دوبارہ اس موضوع کو زیر غور لائے گی۔ ایک بار پھر یاددہانی کرواتا چلوں کہ سلامتی کونسل کی لازم الاجراء قراردادوں پر عملدرآمد نہ کرنے کا نتیجہ خلاف ورزی کرنے والے پر پابندیاں عائد ہونے کی صورت میں ظاہر ہونا چاہئے۔ ہمیں یقین ہے کہ کونسل فورا اس بات کا جائزہ لے گی۔"
 
اقوام متحدہ میں روس کے مستقل نمائندے ویسیلے نیبنزیا نے فلسطینی مہاجرین کیلئے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورک ایجنسی (اونروا) کے روکے گئے بجٹ کی جانب بھی اشارہ کیا اور کہا: "اونروا کا بجٹ دوبارہ سے مکمل طور پر بحال ہونا چاہئے۔" انہوں نے مزید کہا: "اونروا وہ واحد ادارہ ہے جو مقبوضہ فلسطین کے اندر بھی اور لبنان، اردن اور شام میں بھی فلسطینیوں کی مدد کرتا ہے۔ جب تک مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل سامنے نہیں آتا اور ان کے حالات بہتر نہیں ہوتے اس ایجنسی کو بدستور اپنی سرگرمیاں انجام دینی چاہئیں اور فلسطینی عوام کی مدد کرنی چاہئے۔" ویسیلے نیبنزیا نے کہا: "فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ شدت اختیار کر جانے کے بعد تقریباً 20 لاکھ فلسطینی دوبارہ اپنا گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں اور ان میں سے کچھ نے اونروا کے زیر نظر اداروں میں پناہ حاصل کر رکھی ہے۔ یہ ادارے بین الاقوامی ہونے اور انسانی امداد میں مصروف ہونے کے باوجود اسرائیلی حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔"
خبر کا کوڈ : 1129555
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش