1
Tuesday 23 Apr 2024 16:58

فلسطینی بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، مرکزی مسلم لیگ کے تحت شہداء غزہ کانفرنس

متعلقہ فائیلیںرپورٹ: ایس ایم عابدی

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے تحت شہدا غزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی، مذہبی و حماس رہنماؤں نے کہا ہے کہ فلسطینی بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم قبلہ اول کے تحفظ سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے، سات ماہ سے غزہ پر بم و بارود برسانے کے باوجود اسرائیل اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوسکا، بدترین مظالم بھی فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کرسکے، انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر اسرائیل کے خلاف کارروائی کی جائے، غزہ کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کے لیے مسلم ممالک کے حکمران عملی اقدامات کریں، دنیا بھر کے مسلمان اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔

خطاب کرنے والے رہنماؤں میں مرکزی رہنما پاکستان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم، حماس رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی، مفتی اعظم پاکستان مفتی تقی عثمانی، صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ  کراچی احمد ندیم اعوان، رکن مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مفتی محمد یوسف کشمیری، جنرل سیکرٹری اتحاد المدارس یحیی مجید، سندھ کے صدر عقیل احمد لغاری، حافظ محمد انور، رہنما مسلم وومن لیگ ندا سہیل، نازیہ فیصل، صدر مسلم یوتھ ونگ کراچی انجنیئر خضر، رہنما مسلم اسٹوڈنٹس ونگ سندھ عمیر گجر و دیگر شامل تھے۔

شاہراہ قائدین پر شہدا غزہ کانفرنس میں  حماس رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی نے خصوصی طور پر شرکت اور خطاب کیا۔ ہزاروں مرد وخواتین نے انس کی اقتدا میں شہدا غزہ کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی۔ مفتی تقی عثمانی نے کانفرنس سے آڈیو خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکا کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ خواتین کی بڑی تعداد نے بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ شرکا نے اسرائیلی مظالم کے خلاف اور اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے زبردست نعرے بازی کی۔ مرکزی رہنما پاکستان مرکزی مسلم لیگ فیصل ندیم نے کہا کہ غزہ میں سات ماہ سے بدترین ظلم کا سلسلہ جاری ہے لیکن غاصب اسرائیلی ریاست کو ظلم سے روکنے والا کوئی نہیں ہے، 57 اسلامی ممالک کے باجود غزہ کے مسلمان ہزاروں کی تعداد میں شہید ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی اپنے بچوں کی لاشیں اٹھانے کے باوجود اسرائیل کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں، بدترین مظالم بھی اہل فلسطین کے حوصلے پست نہیں کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل آزمائش کے باوجود فلسطینی اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، افسوس ناک بات یہ ہے کہ دنیا میں انسانی حقوق کی بات کرنے والے اسرائیلی مظالم پر خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آرمی چیف عاصم منیر سے مخاطب ہوں کہ آپ کے سینے میں قرآن محفوظ ہے، قرآن میں اللہ تعالی فرماتے ہیں کہ جن لوگوں پر ظلم ہو رہا ہو آپ ان کے مددگار بن جائیں، مسلم حکمران اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلائیں۔ فیصل ندیم نے کہا کہ دنیا میں کوئی فلسطینیوں کی مدد کریں یا نہ کریں ہم ان کی مدد جاری رکھیں گے۔

حماس رہنما ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی نے کہا کہ اہل غزہ کے لوگ مسلسل قربانیاں پیش کر رہے ہیں، اسرائیل کے خلاف جنگ میں مردوخواتین اور بچوں نے ہزاروں کی تعداد میں قربانیاں پیش کیں، اسرائیل کے تمام تر مظالم ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکیں، ہم اول روز بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل غزہ کے عام شہریوں کے ساتھ ساتھ حماس کی قیادت اور ان کے خاندان کے لوگ بھی قربانیاں پیش کرنے میں پیچھے نہیں ہیں، حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں کو عید کے دن نشانہ بنایا گیا، اسرائیل جان لے کہ ہم کسی صورت اپنے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم بیت المقدس کی آزادی کی جنگ جاری رکھیں گے۔ ڈاکٹر ناجی ظہیر السرمی نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی پر حماس کی جانب سے اہل پاکستان اور مرکزی مسلم لیگ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

مفتی تقی عثمانی نے اپنے آڈیو خطاب میں کہا کہ غزہ میں سات ماہ سے جاری جنگ میں 35 ہزار مسلمان شہید ہوچکے ہیں، ان مظالم کو دیکھنے کے باوجود ہماری بے حسی انتہا کو پہنچی ہوئی ہے، عالم اسلام میں سے کسی نے بھی اہل غزہ کو اسرائیلی مظالم سے نجات دلانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کی، اس کانفرنس سے دنیا کو پیغام جانا چاہیئے کہ ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کے ہر فرد  کا فرض بنتا ہے کہ وہ غزہ کے مجاہدین کی مدد کریں، پوری امت مسلمہ کو بیدار کرنے کے لیے ہماری جانب سے مضبوط پیغام جانا چاہیئے، ہمارے حکمران اس تاریخی لمحے میں بیت المقدس کی آزادی اور غزہ کے مسلمانوں کو مظالم سینجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔

صدر پاکستان مرکزی مسلم لیگ کراچی احمد ندیم اعوان نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، انسانی حقوق کا راگ الاپنے والوں کو غزہ میں ہزاروں بے گناہوں کا بہتا لہو نظر نہیں آتا، اہالیان کراچی نے غزہ کے لییہمیشہ آواز بلند کی ہے، مسلمان ایک  جسم کی مانند ہیں، خود کو  مسلمان کہلوانے والے اس ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتے، فلسطین کے مسلمان بیت المقدس کے تحفظ کے لیے مسلسل شہادتیں پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ  کرتے ہیں کہ پاکستان مسلم ممالک کے حکمرانوں کو ساتھ ملا کر اسرائیلی مظالم کا راستہ روکے، عوام اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ قارئین و ناظرین محترم آپ اس ویڈیو سمیت بہت سی دیگر اہم ویڈیوز کو اسلام ٹائمز کے یوٹیوب چینل کے درج ذیل لنک پر بھی دیکھ اور سن سکتے ہیں۔ (ادارہ)
https://www.youtube.com/c/IslamtimesurOfficial
خبر کا کوڈ : 1130333
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش