0
Wednesday 24 Apr 2024 22:20

پی بی 50، پشتونخوا میپ نے ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا

پی بی 50، پشتونخوا میپ نے ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 50 میں ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا۔ کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پشتونخوا میپ کے رہنماء و امیدوار میروائس اچکزئی، مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر قہار خان ودان ، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر نے کہا کہ پارٹی حلقہ پی بی 50 کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو مسترد کرتی ہے۔ یہ الیکشن حلقے کے عوام کے حق رائے دہی سے کھلا مذاق ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ اصل فارم نمبر 45 کے مطابق ہماری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور دھوکہ دہی و بھونڈے طریقے سے نتائج تبدیل کرنے کے وتیرے کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔  پولنگ اسٹیشن کا وہ عملہ جو دورغ گوئی، غلط بیانی، دھوکہ دہی کے مرتکب ہوئے ہیں، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر حلقہ پی بی 50 میں دوبارہ الیکشن منعقد ہوئے۔ پچھلی بار کی طرح ایک بار پھر الیکشن میں بے پناہ دھاندلی کی گئی۔ ہم پہلے دن ہی الیکشن کمشنر بلوچستان اور چیف سیکرٹری کو تحریری درخواست کے ذریعے استدعا کرچکے تھے کہ حلقہ پی بی 50 کے الیکشن میں جو دھاندلی ہوئی اسکے دیگر اسباب کے علاوہ ایک مسئلہ مقامی انتظامیہ کا پولنگ اسٹیشنوں میں ذمہ داریاں سونپنے کو گردانا گیا تھا اور استدعا کی تھی کہ ہمیں پولنگ عملہ اور سیکیورٹی کیلئے باہر کے اضلاع سے فراہم کی جائے۔ ہماری استدعا پر صرف آر او کا تبادلہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمشنر بلوچستان کی جانب سے نئے آر او کی تقرری اور آر او نے پہلے دن سے تقریباً تمام عملہ مخالف امیدوار کے کہنے پر انکے حامیوں کو لگایا اور 20 اپریل کی رات ہمیں پتہ چلا کہ مختلف پولنگ اسٹیشنز کے عملے کو بمعہ پولنگ سامان اغواء کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رات دو بجے ہم نے چیف الیکشن کمیشن پاکستان، الیکشن کمشنر بلوچستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ پولنگ اسٹیشن کا عملہ اغواء ہوچکا ہے۔ الیکشن کی شفافیت کیلئے انکو بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان، الیکشن کمشنر بلوچستان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ضلعی انتظامیہ أور دیگر کو تحریری آگاہ کرنے کے باوجود وہ پولنگ اسٹیشنز کے عملے کی بازیابی میں ناکام رہے اور ان پولنگ اسٹیشنز پر کوئی الیکشن نہیں ہوا، لیکن رات گئے مذکورہ بالا پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ آفیسر حاضر ہوتے رہے اور اپنا جعلی فارم 45 آر ا و کو جمع کراتے رہے، اور آر او نے انہیں قبول کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض پولنگ اسٹیشنز پر دوپہر 12 بجے تک کوئی عملہ نہیں پہنچا تھا اور مخالف امیدوار کے مسلح افراد نے پولنگ اسٹیشنز کو اپنے قبضے میں لے رکھا تھا۔ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی نشاندہی کے باوجود انتظامیہ مسلح لوگوں سے پولنگ اسٹیشنز کو آزاد کرانے میں ناکام رہی۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ کے دن شام پانچ بجے مخالف امیدوار کی قیادت میں مسلح لوگ اسلحہ لیکر آر او، ڈی آر او کے دفتر پر قابض ہوگئے اور ساتھ ہی انکے دفاتر کو جانے والی شاہراہوں پر مسلح افراد نے الیکشن کے نتائج لانے والے عملے کو بزور بندوق روکے رکھا اور ہماری پارٹی کے سیاسی کارکنوں کو آر او، ڈی آر او کے دفتر جانے سے روک دیا۔ ہمارے مخالف امیدوار چار گھنٹے تک آر او، ڈی آر او کے دفتر کے اندر پریزائیڈنگ افسران کے حقیقی فارم 45 کو جعلی اور دھوکہ دہی کے فارم 45 کو تبدیل کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی حلقہ پی بی 50 کے ضمنی انتخابات کے دھوکہ دہی کے ذریعے تیار کئے جانے والے نتائج کو مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ اصل فارم 45 کے مطابق میری کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں حلقہ پی بی 50 کے عوام جنہوں نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی قومی، سیاسی، جمہوری اور خصوصاً آئین کی بالادستی، جمہوری کی حکمرانی کیلئے اپنی قوم دوستی، جمہوریت پسندی کا ثبوت دیئے ہوئے پارٹی کے امیدوار کے حق میں رائے دہی استعمال کیا انکا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 1130881
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش