0
Saturday 4 May 2024 07:37

رفح پر اسرائیلی حملہ خون کی ہولی ثابت ہوسکتا ہے، عالمی ادارہ صحت

رفح پر اسرائیلی حملہ خون کی ہولی ثابت ہوسکتا ہے، عالمی ادارہ صحت
اسلام ٹائمز۔ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر رفح پر اسرائیلی فوجی حملہ خون کی ہولی کا سبب بن سکتا ہے، اس لیے جلد از جلد جنگ بندی کی جائے۔ عرب میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ٹیڈرس گیبرییسوس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر کہا کہ عالمی ادارہ صحت کو اس بات پر شدید تشویش ہے کہ رفح میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن خون کی ہولی کا باعث بن سکتا ہے اور پہلے سے تباہ ہوئے نظامِ صحت کو مزید کمزور کرسکتا ہے۔ اس علاقے میں 1.2 ملین سے زیادہ لوگوں نے پناہ لے رکھی ہے، جن میں سے بہت سے لوگ دوسری جگہ منتقل نہیں ہوسکتے، نقل مکانی کی ایک نئی لہر افراتفری میں اضافہ کرے گی اور خوراک، پانی، صحت اور صفائی کی خدمات تک رسائی کو کم کر دے گی، اس کے نتیجے میں بیماریوں کے پھیلاؤ میں اضافہ، بھوک میں اضافہ ہوگا اور مزید جانیں ضائع ہوجائیں گی۔

اسرائیلی فوج رفح شہر پر بمباری جاری رکھے ہوئے ہے اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو حماس کے آخری بریگیڈ کو ختم کرنے کے لیے یہاں زمینی حملہ کرنا چاہتے ہیں۔ ادھر یورپی ممالک، اقوام متحدہ اور اسرائیل کے اہم اتحادی امریکہ نے نیتن یاہو سے کہا ہے کہ وہ شہر پر زمینی حملے کا خیال ترک کر دیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور کے ترجمان جینز لایرکے نے گذشتہ روز جنیوا میں کہا کہ انسانی نقصانات کے علاوہ یہ حملہ پوری غزہ کی پٹی میں انسانی بنیادوں پر کی جانے والی کارروائیوں کے لیے ایک زبردست دھچکا ثابت ہوگا، رفح کراسنگ ہی انسانی بنیادوں پر کارروائیوں کا مرکز ہے۔ رپورٹ کے مطابق غزہ میں جہاں تک صحت کے نظام کا تعلق ہے اس وقت بنیادی صحت کی دیکھ بھال کے مراکز میں سے صرف 30 فیصد اور غزہ کے 36 ہسپتالوں میں سے صرف 33 فیصد کام کر رہے ہیں، یہ فعال سہولیات بھی جزوی طور پر کام کر رہی ہیں، بار بار ہونے والے حملوں کی وجہ سے ان رہے سہے مراکز صحت میں بھی اہم طبی سامان کا فقدان ہے جبکہ روشنی اور ایندھن کی کمی کے ساتھ ساتھ طبی عملے کی بھی شدید قلت ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق رفح میں اس وقت تین جزوی طور پر کام کرنے والے ہسپتال ہیں، یہ النجار ہسپتال، الھلال الاماراتی ہسپتال اور الکویت ہسپتال ہیں، اس وقت جب لڑائی ان تین ہسپتالوں کے قریب پہنچ کر شدید ہو جائے گی تو مریضوں، عملے اور ایمبولینسوں کے لیے ان تک پہنچنے کی کوشش کرنا غیر محفوظ ہو جائے گا اور یہ ہسپتال بھی جلد ہی کام کرنا چھوڑ دیں گے اور سروس فراہم کرنے سے قاصر ہو جائیں گے۔ مشرقی خان یونس میں واقع غزہ یورپی ہسپتال اس وقت شدید بیمار مریضوں کے لیے ایک ترتیری ریفرل ہسپتال کے طور پر کام کر رہا ہے مگر اس کو بھی شدید خطرہ لاحق ہے، کیونکہ رفح میں دراندازی اسے مکمل طور پر الگ تھلگ کرنے اور پھر ناقابل رسائی ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔ اس طرح جنوب میں صرف چھ فیلڈ ہسپتال اور وسطی علاقے میں الاقصیٰ ہسپتال باقی رہ جائے گا، جو ریفرل ہسپتال ہوگا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ہنگامی تیاری کی جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر تنظیم، اس کے شراکت داروں اور ہسپتال کے عملے نے ناصر میڈیکل کمپلیکس کی بحالی کا پہلا مرحلہ مکمل کیا ہے۔ ہسپتالوں پر بوجھ کو کم کرنے کے لیے عالمی ادارہ صحت اور اس کے شراکت دار خان یونس، وسطی علاقے اور شمالی غزہ میں بنیادی صحت کے مراکز اور اضافی طبی مراکز قائم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ رفح کے علاقے المواصی میں ایک نئے فیلڈ ہسپتال کے قیام کے لیے کام جاری ہے۔ دیر البلاح میں ڈبلیو ایچ او کا ایک بڑا گودام قائم کیا گیا تھا اور رفح میں تنظیم کے گوداموں سے بڑی مقدار میں طبی سامان اس میں منتقل کیا گیا ہے، اس خدشہ پر کہ رفح پر حملے کے دوران اس کے گودام ناقابل رسائی ہو جائیں گے تو ضرورت پڑنے پر خان یونس، وسطی علاقے اور شمالی غزہ میں رسد کی تیزی سے منتقلی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

اس سلسلے میں ہنگامی منصوبوں اور کوششوں کے باوجود عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ فوجی مداخلت کی صورت میں بڑی تعداد میں اموات اور بیماریاں متوقع ہیں، عالمی ادارہ صحت نے فوری اور مستقل جنگ بندی، غزہ اور اس کے آس پاس فوری انسانی امداد کی ترسیل میں رکاوٹوں کو دور کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1132747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش