0
Friday 12 Apr 2024 22:17

انتخابی مبینہ دھاندلیوں کیخلاف اپوزیشن اتحاد تشکیل، تحریک کا اعلان، کل پہلا جلسہ ہوگا

انتخابی مبینہ دھاندلیوں کیخلاف اپوزیشن اتحاد تشکیل، تحریک کا اعلان، کل پہلا جلسہ ہوگا
اسلام ٹائمز۔ انتخابی مبینہ دھاندلیوں کیخلاف اپوزیشن اتحاد کا حکومت مخالف محاذ، تحفظ آئین پاکستان کے نام سے اپوزیشن جماعتوں نے تحریک کا اعلان کر دیا، پہلا جلسہ کل ہوگا۔ سردار اختر مینگل کی میزبانی میں 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں عمر ایوب، محمود خان اچکزئی، لیاقت بلوچ، حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس و دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے محمود خان اچکزئی کو تحریک کا صدر نامزد کر دیا گیا۔ کوئٹہ میں 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ آج تاریخی اجلاس ہوا ہے، اپوزیشن اتحاد بننے جا رہا ہے، یہ اس اتحاد کا دوسرا اجلاس تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف، سنی اتحاد کونسل، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوامیپ، مجلس وحدت مسلمین کی قیادت موجود ہے۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اس اتحاد کا بنیادی مقصد فارم 47 کی بنیاد پر بننے والی حکومت کو رَد کرنا ہے، بدقسمتی سے ایک ملک اور دو قوانین نافذ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں دو قوانین کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، لوگوں کے حقوق کا تحفظ تب ہوگا، جب ملک میں ایک قانون ہوگا، ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہیئے۔ اس موقع پر عمر ایوب خان نے اپوزیشن اتحاد کے نام کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ اتحاد کا نام "تحریک تحفظ آئین پاکستان" رکھا گیا ہے، اتفاق رائے کے ساتھ محمود خان اچکزئی کو اس تحریک کا صدر مقرر کر دیا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس اتحاد کے پلیٹ فارم سے دو جلسے ہوں گے، ایک جلسہ پشین اور دوسرا جلسہ چمن میں ہوگا۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، جس میں ہر پارٹی کا نمائندہ شامل ہوگا، کمیٹی آئین کے اہم نکات پر ایکشن پلان مرتب کرے گی، اگلا اجلاس لاہور میں 29 اپریل کو ہوگا۔

اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد میں شامل کوئی جماعت پاک فوج یا جوانوں کے خلاف نہیں، بہادر فوج ہی ہے، جو سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور لوگ سکون سے سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو، ہم آئین کا دفاع کریں گے، آئین عمرانی معاہدہ ہے، اس کے تحفظ کیلئے کل سے جلسے کریں گے، سول ادارہ ہو یا عسکری، کسی شخصیت، آفیسر کیلئے توسیع نہیں ہونی چاہیئے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ تمام لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہماری مدد کریں، ہم نہ کسی کو گالی دیں گے نہ برا بھلا کہیں گے، سیدھی بات ہے، سول سپریمیسی کی بات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 1128158
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش