0
Thursday 2 May 2024 14:36

یورپی یونین ایران کیساتھ تناؤ کی خواہاں نہیں، جوزپ بورل

یورپی یونین ایران کیساتھ تناؤ کی خواہاں نہیں، جوزپ بورل
اسلام ٹائمز۔ یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ جوزپ بورل نے آج ایرانی وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کی ہے جس میں یورپی یونین و ایران کے باہمی تعلقات سمیت علاقائی مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس دوران غزہ کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کی انسانیت سوز جنگ اور سفاک اسرائیلی رژیم کے نسل کشی و جنگی جرائم پر مبنی مذموم اقدامات کے جلد از جلد خاتمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حسین امیر عبداللہیان نے اقوام متحدہ کی جانب سے اپنے حقیقی کردار کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ، فلسطینی امنگوں و مطالبات کے حوالے سے سنجیدہ علاقائی و بین الاقوامی فعالیت پر بھی زور دیا۔

خطے کی مستحکم سلامتی و دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تعمیری کردار کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے بین الاقوامی قوانین کے حوالے سے یورپی یونین کی توجہ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے احترام کی جانب بھی مبذول کروایا اور دمشق میں ایرانی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن پر ہونے والے اسرائیلی رژیم کے ہوائی حملے کے جواب میں ایران کی جوابی فوجی کارروائی کو مکمل طور پر جائز و قانونی دفاع کا حصہ قرار دیا۔

حسین امیر عبداللہیان نے باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لئے یورپی یونین و ایران کے درمیان گفتگو کے تسلسل کا خیرمقدم کیا اور ایران کے خلاف عائد پابندیوں کے خاتمے پر زور دیا۔

یورپی یونین کے سیکرٹری امور خارجہ کے ساتھ گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ نے عائد پابندیوں کے خاتمے کے مذاکرات و سفارتکاری کے دوران ایران کی جانب سے انجام پانے والی کوششوں و مثبت اقدامات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان مذاکرات میں بعض دیگر فریقوں کی زیادہ طلبی کی مذمت کرتے ہوئے تاکید کی کہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی (IAEA) و ایران کا باہمی تعاون درست رستے پر گامزن ہے اور ہم بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی کے دورۂ ایران کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

دوسری جانب یورپی یونین کے سربراہ خارجہ پالیسی جوزپ بورل نے بھی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ یورپی یونین اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کشیدگی نہیں چاہتی، ایران و یورپی یونین کے درمیان سفارتی مشاورت اور اسلامی جمہوریہ کے تعمیری و مثبت اقدامات کا خیرمقدم کیا۔
 
اس دوران غزہ میں جنگبندی اور قیدیوں کے جلد از جلد تبادلے تک پہنچنے کے وسیع بین الاقوامی مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے جوزپ بورل نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے دیرپا امن و استحکام کے حصول کے لئے تمام فریقوں کی جانب سے توجہات کے مرکوز کئے جانے پر بھی زور دیا۔

اپنی گفتگو کے آخر میں یورپی یونین کے سیکرٹری خارجہ امور نے کشیدگی کو کم کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کے مثبت کردار کا بھی خیر مقدم کیا۔
خبر کا کوڈ : 1132446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش