0
Wednesday 24 Apr 2024 01:24
ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ کی پاکستانی خواتین کو مشترکہ تحقیق کی دعوت

کراچی، ایرانی خاتون اول کی کتاب کے اردو ترجمے ”نسوانی زندگی کا فن” کی تقریب رونمائی

کراچی، ایرانی خاتون اول کی کتاب کے اردو ترجمے ”نسوانی زندگی کا فن” کی تقریب رونمائی
اسلام ٹائمز۔ جمہوری اسلامی ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی اہلیہ و خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ نے دنیا کی مسلم خواتین بالخصوص حجاب پہننے والی خواتین پر زور دیا ہے کہ وہ اسلامی ثقافت کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو آئی بی اے سٹی کیمپس کراچی میں “ابھرتی ہوئی مسلم تہذیب میں مسلم خواتین کا کردار” کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوٸے کہی۔ تقریب کی میزبانی فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز جامعہ کراچی اور خانہ فرہنگ ایران کراچی نے کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ کی تحریر کردہ کتاب ’’ہنرِ زنانہ زیستن‘‘ کے اردو ترجمہ ’’نسوانی زندگی کا فن‘‘ کی تقریب رونمائی بھی ہوئی، جس کا اردو میں ترجمہ کوثر عباس نے کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور موجودہ صدر مملکت آصف علی زرداری کی صاحبزادی اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کی صاحبزادی ریحانہ رئیسی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

آصفہ بھٹو زرداری نے ایرانی خاتون اول ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ کو جامعہ کراچی کی جانب سے شیلڈ پیش کی، جبکہ جامعہ کراچی کے رئیس کلیہ اسلامی علوم پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی جانب سے آصفہ بھٹو زرداری کو جامعہ کراچی کا نشان سپاس پیش کیا گیا۔ کتاب کی تقریب رونمائی کے موقع پر خطاب کرتے ایرانی خاتون اول جمیلہ علم الہدیٰ نے کہا کہ معاشرے اور بالخصوص اسلامی تمدن میں خواتین کا اہم کردار ہے۔ ڈاکٹر جمیلہ علم الہدیٰ نے تقریب میں خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی خواتین بھی اسلامی حجاب کی جانب مائل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب سے بھی برسوں قبل پاکستان بھی اسلامی بنیادوں پر وجود میں آیا تھا۔ انہوں نے پاکستانی خواتین کو سائنس، سوشل سائنس اور اسلامی علوم میں مشترکہ تحقیق کی دعوت بھی دی۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے خطاب میں رئیس کلیہ معارف اسلامی پروفیسر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی کا کہنا تھا کہ کوئی بھی تمدن خواتین کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتی۔ ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب جدید اسلامی تمدن کی بنیاد رکھنا ہوگی، جس میں خواتین کا کردار اہم ہوگا۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی جامعہ کراچی کی جانب سے ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دیئے جانے کی تقریب میں عین اسی وقت شرکت کے سبب مذکورہ تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔
خبر کا کوڈ : 1130673
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش