0
Wednesday 24 Apr 2024 00:54

گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی

گورنر سندھ نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی
اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ ہاﺅس کراچی میں منعقدہ تقریب میں ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی۔ اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صدر مملکت اسلامی جمہوریہ ایران کو اعزازی ڈگری دینے پر جامعہ کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کیونکہ یہ جامعہ کراچی کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کو اعزازی ڈگری دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک ایران سفارتی تعلقات کئی دہائیوں پر مشتمل ہیں، میری کوشش اور خواہش یہ ہے کہ مسلم ممالک کے درمیان ایک مثالی تعلق ہو، اسی لیے ایران اور پاکستان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتا ہوں، میں ایران کے کئی صوبوں کا دورہ کرکے وہاں کے تاجروں اور صنعت کاروں سے ملاقات بھی کرچکا ہوں۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ پاکستان خصوصاً اس کے معاشی حب کراچی میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں سرمایہ کاری کریں، اس کے ساتھ ساتھ میری خواہش ہے کہ وہ ایس آئی ایف سی کے منصوبوں میں شمولیت اختیار کریں، جو کہ سرمایہ کاروں کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ 
کامران ٹیسوری نے کہا کہ ایرانی سفیر اور قونصل جنرل جس طرح سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔ انکا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے لئے مزید مؤثر پالیسی بنائی جائے، جس سے دونوں ممالک میں سرمایہ کاری کو مزید فروغ مل سکے، دونوں ملکوں کے مابین سرمایہ کاری باہمی معیشت کے لئے انتہائی سودمند ثابت ہوگی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ایران ہمسایہ ممالک ہونے کے باعث مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں اس ضمن میں باہمی اقتصادی تعاون کے فروغ، تجارتی وفود کے تبادلوں اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں قریبی رابطہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کے وسائل کو استعمال کرکے اپنی معیشت کو بہتر کرنا ہوگا، ہماری معیشت بہتر ہوگی تو عوام کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا، میری دعا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات کی پختگی میں مزید اضافہ ہو۔ اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے کراچی پہنچنے پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔

گورنر سندھ نے معزز مہمان کی کراچی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا، اس موقع پر رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری،صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزراء سعید غنی، علی حسن زرداری بھی موجود تھے۔ بعد ازاں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ ابراہیم رئیسی نے بابائے قوم کے مزار پر حاضری دی۔ مزار قائدؒ پر حاضری کے بعد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کے ہمراہ مزار قائد سے وزیر اعلیٰ ہاؤس روانہ ہوئے۔
خبر کا کوڈ : 1130660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش