0
Tuesday 23 Apr 2024 11:01

عالمی برادری مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کو حل کرانے میں مدد کرے، ڈی ایف پی

عالمی برادری مداخلت کرکے تنازعہ کشمیر کو حل کرانے میں مدد کرے، ڈی ایف پی
اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بھارت کی ہندوتوا حکومت کی طرف سے کشمیری رہنمائوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی مسلسل نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مداخلت کرکے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کرے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر بھی زور دیا کہ وہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ لوگوں کو ہراساں اور ان کی تذلیل کر رہے ہیں۔

ڈی ایف پی کے ترجمان نے کہا کہ بھارتی خفیہ ایجنسیاں کشمیری عوام کو لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی حکومت کی حمایت کرنے پر مجبور کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ حریت رہنمائوں کے اہل خانہ کو مکانات اور جائیدادوں کی ضبطی سمیت مختلف ہتھکنڈوں کے ذریعے خوفزدہ کر رہی ہے۔ ارشد اقبال نے کہا کہ یہ ہتھکنڈے کشمیری مزاحمتی قائدین کو جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام نے اپنی آزادی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور وہ بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 1130515
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش