0
Friday 12 Apr 2024 22:49

اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کیلئے سلامتی کونسل میں اتفاق رائے حاصل نہ ہو سکا

اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کیلئے سلامتی کونسل میں اتفاق رائے حاصل نہ ہو سکا
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی کہ جنہیں سال 2012ء سے اقوام متحدہ کے مبصر رکن ہی کی حیثیت دی گئی ہے، کئی سالوں سے اقوام متحدہ کے مستقل رکن بننے کی کوشش میں ہیں جبکہ اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کئے جانے کے مترادف ہو گی درحالیکہ اقوام متحدہ میں رکنیت کے لئے کسی بھی درخواست کو پہلے سلامتی کونسل سے منظور کروایا اور پھر جنرل اسمبلی سے اس کی منظوری لی جاتی ہے۔

امریکہ سلامتی کونسل میں اسرائیل کے مذموم اتحادی کے طور پر ویٹو کا حق رکھتا ہے کہ جو اب تک اس اختیار کو اسرائیل مخالف قراردادوں کی منظوری کو روکنے کے لئے بارہا استعمال بھی کر چکا ہے۔

گزشتہ ہفتے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے پیش نظر فلسطینیوں نے ایک بار پھر اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کی درخواست پیش کی تھی جس پر جمعرات کے روز ایک خصوصی کمیٹی میں بحث کی گئی جس میں سلامتی کونسل کے اراکین بھی شامل تھے لیکن اس بارے مکمل اتفاق رائے حاصل نہ ہو سکا۔

اس بارے سلامتی کونسل کی حالیہ صدارت کی حامل اقوام متحدہ میں مالٹا کی نمائندہ وینیسا فرازیئر نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اس کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے بعد، اعلان کیا کہ اتفاق رائے حاصل نہیں ہو سکا!

وینیسا فرازیئر کا کہنا تھا کہ اس کمیٹی کے اراکین کی اکثریت فلسطین کی مکمل رکنیت کے ساتھ متفق تھی اور بہت سے ممالک نے اس حقیقت سے بھی پردہ اٹھایا ہے کہ فلسطین مونٹویڈیو معاہدے (Montevideo Convention) کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ چارٹر کے آرٹیکل 4 کے تمام معیارات پر بھی پورا اترتا ہے۔

اس حوالے سے جمعرات کے روز سلامتی کونسل کی میٹنگ بند دروازوں کے پیچھے منعقد ہوئی جس کی کارروائی کے بارے وینیسا فرازیئر نے کسی بھی ملک کا نام لئے بغیر کہا کہ دو تہائی اراکین نے فلسطینی درخواست کی حمایت کی تھی تاہم خصوصی کمیٹی میں پیش کردہ فلسطینی درخواست پر پیشرفت صرف اور صرف مکمل اتفاق رائے سے ہی ممکن تھی۔

ادھر فرانسیسی میڈیا (AFP) نے بھی اعلان کیا ہے کہ اس درخواست پر دوبارہ ووٹنگ کے لئے اب سلامتی کونسل کا کوئی بھی رکن قرارداد پیش کر سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1128152
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش