0
Friday 12 Apr 2024 10:08

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی
اسلام ٹائمز۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے مظلوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل اور بھارت فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے شہریوں پر وحشیانہ مظالم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری اور شہریوں پر حملوں کی شدید مذمت کی اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو غاصب قوتوں سے اپنی مادر وطن کی آزادی تک مزاحمت کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غاصب بھارت اور اسرائیل کے جھوٹے چہرے اور مقبوضہ علاقوں میں ان کے جنگی جرائم اور نسل کشی کے اقدامات کو بے نقاب کرنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر مہم شروع کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقوں میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کے غیر قانونی اقدامات پر عالمی برادری کی خاموشی سے بھارت اور اسرائیل کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ہندوستان اور اسرائیل کو ان کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرانے کے لیے مل کر آواز بلند کرنی چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کیلئے انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ محمود ساغر نے زور دیا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آواز سنی جانی چاہیے اور عالمی برادری کو ان کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہیں۔
خبر کا کوڈ : 1128108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش