0
Thursday 9 May 2024 12:29

شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ

شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں شہید ہونے والے تین نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے کولگام کے علاقے ریڈوانی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے 3 نوجوانوں کو شہید اور متعدد رہائشی مکان تباہ کر دیے تھے۔ ذرائع کے مطابق حریت ترجمان عبدالرشید منہاس نے باسط احمد ڈار اور دیگر دو نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں تحریک آزادی کا ایک قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے مشن کو مقصد کے حصول تک عزم و ہمت سے جاری رکھیں۔

ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی فوجیوں کی دہشت گردی کی ایک واضح مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف اپنی چیرہ دستیوں میں تیزی لائی ہے اور وہ انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنانے پر تلی ہوئی ہے، کشمیریوں کے گھر، زمینیں اور دیگر املاک مسلسل ضبط کیے جا رہے ہیں جس کا بنیادی مقصد غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں سزا دینا ہے۔

ترجمان نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور بھارتی جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماﺅں، کارکنوں کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نظربندوں کو طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری جنگی جرائم کا نوٹس لیے اور تنازعہ کشمیر کے عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق حل کیلئے اس پر دباﺅ ڈالے۔
خبر کا کوڈ : 1133822
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش