0
Wednesday 8 May 2024 11:25

سیاسی فائدے کیلئے مودی اور بی جے پی نے ملک کے کونے کونے میں نفرت پھیلا دی ہے، سونیا گاندھی

سیاسی فائدے کیلئے مودی اور بی جے پی نے ملک کے کونے کونے میں نفرت پھیلا دی ہے، سونیا گاندھی
اسلام ٹائمز۔ پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ جاری ہے۔ اس دوران کانگریس کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے نریندر مودی اور بی جے پی پر شدید حملہ کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے الزام لگایا کہ سماج کے لوگوں کو ملک کے کونے کونے میں امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ’’میرے پیارے بھائیو اور بہنو، آج ملک کے ہر کونے میں نوجوان بے روزگاری، خواتین پر مظالم، دلت، قبائلی، پسماندہ لوگوں اور اقلیتوں کو خوفناک امتیازی سلوک کا سامنا ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ماحول وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے ارادوں کی وجہ سے ہے۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ ان کی توجہ صرف کسی بھی قیمت پر اقتدار حاصل کرنے پر ہے، انہوں نے سیاسی فائدے کے لئے نفرت کو فروغ دیا ہے۔

سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی اور میں نے ہمیشہ سب کی ترقی اور پسماندہ لوگوں کے لئے انصاف کے ساتھ ساتھ ملک کو مضبوط بنانے کے لئے جدوجہد کی ہے۔ سونیا گاندھی نے کانگریس کے منشور کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے منشور کا مقصد ملک کو متحد رکھنا اور غریبوں، خواتین، کسانوں، مزدوروں اور محروم طبقوں کو طاقت دینا ہے۔ کانگریس اور انڈیا اتحاد آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لئے وقف ہے۔ سب کے روشن مستقبل کے لئے کانگریس کو ووٹ دیں اور ہم مل کر ایک مضبوط اور متحد ہندوستان بنائیں گے۔ اس سے قبل پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی نے بھی بی جے پی پر حملہ کیا تھا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج ووٹنگ کا تیسرا مرحلہ ہے۔ انہوں نے کہا ’’میری آپ سب سے درخواست ہے کہ بڑی تعداد میں نکلیں اور اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے ووٹ دیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام انتخابات نہیں بلکہ ملک کی جمہوریت اور آئین کے تحفظ کا الیکشن ہے۔
خبر کا کوڈ : 1133435
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش