0
Saturday 4 May 2024 19:39
ڈائیلاگ کی بنیاد فارم 45 ہے، فارم 47کی جعلی حکومت قبول نہیں کرسکتے، حافظ نعیم الرحمن 

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اپوزیشن رہنمائوں کی ملاقات، مختلف اُمور پر اتفاق 

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے اپوزیشن رہنمائوں کی ملاقات، مختلف اُمور پر اتفاق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں، ادارے آئین کی تابعداری کے لیے تیار ہیں تو گریٹر ڈائیلاگ کا آغاز ہوسکتا ہے، ڈائیلاگ کی بنیاد فارم 45 ہے، فارم 47 کی جعلی حکومت قبول نہیں کرسکتے، الیکشن دھاندلی پر جوڈیشل کمیشن بنے جس کے پاس مینڈیٹ ہے اسے حکومت بنانے دی جائے۔ چار دن کا الٹی میٹم ختم ہورہا ہے، حکومت کو کسانوں سے گندم خریدنا پڑے گی، جس وقت ملک میں ڈالر کے لالے پڑے تھے اس دوران ایک ارب ڈالر سے گندم درآمد کی جعلسازی ہوئی، انوارالحق کاکڑ بیان بازیاں نہ کریں، ذمہ داران کے نام بتائیں۔

منصورہ میں اپوزیشن رہنمائوں محمود خان اچکزئی، اسد قیصر، حامد خان ایڈووکیٹ، ثنااللہ بلوچ، اسد نقوی و اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت کا کہنا تھا اپوزیشن پارٹیوں سے بحالی آئین کی قدر مشترک پر تعاون ہوسکتا ہے، اتحاد اور اشتراک کی نوعیت کا فیصلہ مجلس شوری کے اجلاس میں مشاورت سے کریں گے۔ قبل ازیں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے وفد نے محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں امیر جماعت سے ملاقات کی اور انہیں تحریک کے زیراہتمام 8مئی کو ہونے والے سیمینار میں شرکت کی دعوت دی، جسے امیر جماعت نے قبول کرلیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے وفد کی منصورہ آمد پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آئین پاکستان کے تحفظ اور پاسداری پر سب کا اصولی اتفاق ہے۔ بدقسمتی سے ڈکٹیٹرز اور سیاسی حکومتوں کی جانب سے آئین کو پامال کیا جاتا رہا اور یہ سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اس وقت معیشت تباہ ہے، مہنگائی بے روزگاری کا طوفان ہے، کسان بلک رہے ہیں۔ تمام سٹیک ہولڈرز آئینی حدود کا احترام کریں گے تو ملک آگے بڑھے گا۔ انہوں نے آرمی چیف کے آئینی حدود کے احترام سے متعلق بیان کی ستائش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اس کی پاسداری کریں گے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان جس قسم کے انتخابات ہوئے ہیں اس سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی ہوئی ہے، ایسا الائنس بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کا مقصد اقتدار کا حصول نہیں بلکہ آئین کی پاسداری ہو، آئین پاکستان پر سب کا اتفاق ہے۔اسد قیصر نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین کی پامالی ہورہی ہے، مینڈیٹ کے بغیر لوگوں کو اقتدار دے دیا گیا، امیر جماعت سے بڑی توقعات وابستہ ہیں، خواہش ہے کہ وہ تحریک تحفظ آئین میں کلیدی کردار ادا کریں۔
خبر کا کوڈ : 1132825
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش