0
Saturday 4 May 2024 18:22

لاہور، محمود خان اچکزئی اور اسد قیصر کی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات

لاہور، محمود خان اچکزئی اور اسد قیصر کی امیر جماعت اسلامی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے محمود اچکزئی اور اسد قیصر کی قیادت میں اپوزیشن وفد نے ملاقات کی اور انہیں حکومت کیخلاف احتجاجی تحریک میں شمولیت کی دعوت دی۔ اتحاد برائے تحفظ آئین کے صدر محمود خان اچکزئی اور پی ٹی آئی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی قیادت میں وفد منصورہ پہنچا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وفد کا استقبال کیا۔ اپوزیشن رہنماؤں اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی۔ محمود خان اچکزئی کی جانب سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو احتجاجی تحریک میں شمولیت کی باقاعدہ دعوت دی گئی۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہم ملک میں آئین کی بالادستی کیلئے تحریک چلا رہے ہیں، ہمارا مقصد صرف چہروں کی تبدیلی نہیں۔

ملاقات کے بعد محمود خان اچکزئی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس قسم کے انتخابات ہوئے ملک کی بدنامی ہوئی، آئین کی بالادستی کیلئے آئے ہیں۔ اس کی خلاف ورزی قبول نہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ یہ تحریک ملک میں آئین اور قانون کیلئے ہے اقتدار کیلئے نہیں، جس صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں، اس میں امیر جماعت اسلامی اپنا اہم کردار ادا کریں گے، امید ہے آئین و قانون کی بحالی کیلئے جماعت اسلامی ساتھ دے گی، ملک میں جنگل کا قانون ہے، آزاد ملک اس طرح نہیں چلایا جا سکتا، انسانی حقوق پامال اور ناجائز مقدمات بن رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بدقسمتی سے آئین بار بار پامال ہوتا رہا ہے، ہمیں آئین کی بالادستی پر متفق ہونا پڑے گا، اس کے بغیر کوئی چارہ نہیں، آرمی چیف، عدلیہ اور تمام اداروں کو آئین کے تحت چلنا پڑے گا، گریٹر ڈائیلاگ کا آغاز ہو گا، جس کی شروعات فارم 45 سے ہوگی، فارم 47 سے آنے والی حکومت قابل قبول نہیں۔
خبر کا کوڈ : 1132751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش