0
Saturday 4 May 2024 10:05

بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، سردار عتیق

بیرون ملک مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، سردار عتیق
اسلام ٹائمز۔ سعودی عرب کے شہر جدہ میں آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی، سماجی اور مذہبی قیادت کے اجلاس میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اجلاس میں ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت جموں کشمیر اوورسیز کمیونٹی جدہ کے صدر سردار وقاص عنایت نے کی۔سردار عتیق خان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر بنیادی طور پر کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے جو اقوام متحدہ کے چارٹر کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مسلسل کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے سے انکار کر رہا ہے۔ سردار عتیق نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، خرم پرویز اور دیگر کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی ہماری حکمت عملی کا پہلا اور بنیادی مقصد ہونا چاہیے۔

سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ اوورسیز کشمیری بالخصوص عرب امارات میں مقیم کشمیریوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اُٹھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور سعودی عرب میں آباد کشمیریوں نے مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے دنیا کے ہر فورم بالخصوص عرب امارات میں بھرپور انداز میں آوالز بلند کی ہے اور  دنیا کو بھارت کے مکروہ عزائم سے آگاہ کیا ہے۔

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر کا تنازعہ ترقی یا نوکریوں کا مسئلہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھارتی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی اور ان کے حقوق کے احترام کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ نے اپنی قراردادوں میں جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کی جانب سے ان قراردادوں پر عمل درآمد میں تاخیر کی کشمیری بھاری قیمت چکا رہے ہیں۔ ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے خطے کی دو ہمسایہ جوہری طاقتوں بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی جنگ کا مسلسل خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے بلا تاخیر حل پر زور دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا خود تعین کا موقع فراہم کرے۔ 
خبر کا کوڈ : 1132748
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش