0
Tuesday 30 Apr 2024 18:35

آئی ایس او کا جامعہ کراچی میں امریکی طلباء و فلسطینیوں کی حمایت میں یکجہتی فلسطین مارچ

آئی ایس او کا جامعہ کراچی میں امریکی طلباء و فلسطینیوں کی حمایت میں یکجہتی فلسطین مارچ
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ کراچی کی جانب سے مظلومین فلسطین سے اظہار یکجہتی اور امریکی طلباء کے اسرائیل مخالف احتجاجات پر کئے گئے بدترین کریک ڈاؤن کیخلاف پوائنٹ ٹرمنل تا فارمیسی ڈپارٹمنٹ جامعہ کرچی، یکجہتی فلسطین مارچ کا انعقاد کیا گیا، مارچ میں طلباء پلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جس پر امریکی طلباء کے اسرائیل مخالف احتجاج کے حق میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر انچارج برائے پروفیشنل ادارہ جات آئی ایس او کراچی ڈویژن علی ثقلین، صدر آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ مشرف علی، جنرل سیکرٹری فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر صابر ابو مریم، سماجی رہنماء و سابق صدر آئی ایس او جامعہ کراچی یونٹ احسن مہدی سمیت مختلف طلباء تنظیمات کے رہنماء وجود تھے۔ مارچ میں طلباء اور اساتذہ سمیت جامعہ سے تعلق رکھنے والے نان ٹیچنگ اسٹاف نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس او رہنماؤں کا کہنا تھا کہ امریکی اور یورپی حکومتیں عالمی سامراج کے خلاف طلباء کی اٹھتی آوازوں کو نہیں دبا سکتیں۔

مقررین نے کہا کہ آج معاشرے میں ہر طبقہ سے تعلق رکھنے والا انسان فلسطین پر جاری امریکی حمایت یافتہ اسرائیلی جارحیت کیخلاف سراپا احتجاج ہے، آزادی اظہار رائے ہر طالب علم کا بنیادی حق ہے، امریکی طلباء کے فلسطین کی حمایت اور اسرائیل مخالف مظاہروں پر امریکی حکومت کے بدترین کریک ڈاؤن نے ان کی بوکھلاہٹ کو اور واضح کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ امریکا کی حمایت سے غزہ پر ہونے والی اسرائیلی بمباری نے دنیا بھر میں بسنے والے انسانوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور امریکی حکومت کا مکروہ چہرہ بھی دنیا کے سامنے آشکار کر دیا ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ امریکی تاریخ نے آج خود ثابت کر دیا ہے کہ امریکا دنیا کے امن کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہے، ہیروشیما اور ناگا ساکی پر ایٹمی تباہ کاریوں سے لیکر فلسطین، ایران،عراق،شام اور یمن میں امریکا نے جو انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں، وہ ناقبل بیان ہیں اور آج دنیا ایک بار پھر امریکی جرائم کا مشاہدہ فلسطین اور اب خود امریکا کے اندر طلباء کے احتجاجات پر کئے گئے بدترین حکومتی کریک ڈاؤن کی صورت میں دیکھ رہی ہے۔

رہنماؤں نے کہا کہ ہم جامعہ کراچی میں طلباء کے اس عظیم الشان یکجہتی فلسطین مارچ کے ذریعے مظلومین غزہ اور دنیا بھر کے طلباء کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی طلباء آپ کے ساتھ ہیں اور ان انسانیت دشمن قوتوں کیخلاف سراپا احتجاج ہیں اور مل کر یہ عزم کرتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی تک اپنی اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اب فقط عالم اسلام کا مسئلہ نہیں، بلکہ آج یورپ، برطانیہ اور امریکا میں جاری فلسطین حمایتی مظاہروں نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ مسئلہ عالم انسانیت کا مسئلہ ہے اور اس کا واحد حل قابض صہیونی آباد کاروں کو ان کے آبائی وطنوں کی جانب واپس بھیج کر فقط ایک فلسطین نامی ریاست کا قیام ہے۔ رہنماؤں نے امریکی طلباء کی جانب سے فلسطین کے حق میں منعقد ہونے والے احتجاجات کی مکمل حمایت اور ان مظاہروں پر اسرائیلی ایماء پر کئے گئے بدترین کریک ڈاؤن کی مذمت بھی کی۔
خبر کا کوڈ : 1132165
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش