0
Tuesday 13 Feb 2018 03:00

ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست جیت ہوئی ہے، لودھراں میں کامیابی پر لیگی رہنماؤں کا ردعمل

ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست جیت ہوئی ہے، لودھراں میں کامیابی پر لیگی رہنماؤں کا ردعمل
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نون کے سینئر رہنما شہباز شریف نے این 154 لودھراں کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر اپنی پارٹی کے امیدوار کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ثابت کردیا عوام کو نون لیگ کی قیادت اور پالیسیوں پراعتماد ہے، ایک بار پھر امانت، دیانت اور خدمت کی سیاست کی جیت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتشار اور دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو شکست فاش ہوئی ہے، عوام نے منفی سیاست کرنے والوں کو مسترد کرکے واضح پیغام دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں انتشار کی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں، لودھراں ضمنی انتخاب، نتائج انتشار اور منفی سیاست کرنے والوں کیلئے نوشتہ دیوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نون کی سیاست کا محور عوام کی خدمت ہے، مثبت سیاست کے باعث ملک کی مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے اور ہم اللہ کے آگے سربسجود ہیں، اللہ اس طرح سے فریب اور دھوکے کو شکست دیتا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک اور پیغام میں لکھا کہ نوازشریف کے خلاف سازشوں کو اللّہ نے نوازشریف کی طاقت بنا دیا! اب بھی سمجھ جاؤ، فیصلے اللّہ کے چلتے ہیں! اسی نظام پر دنیا قائم ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام نے واضح کر دیا کہ ووٹ کے تقدس کو پامال نہیں ہونے دیا جائیگا اور نواز شریف کی قیادت میں ووٹ کی حُرمت کا کارواں منزل پر پہنچ کر ہی دم لے گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کے فیصلوں کی توہین ہوتی ہے، تو ان کے فیصلے بھی سخت ہوجاتے ہیں، ان کے وزیر اعظم کو نکالا جائے تو وہ بھی نوٹس لیتے ہیں۔ وزیرخارجہ خواجہ آصف نے اپنے پیغام میں کہا کہ اللہ نواز شریف کو نواز رہا ہے، نہایت عاجزی کے ساتھ رب العزت کے شکر گزار ہیں۔ وزیرداخلہ احسن اقبال نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ لودھراں کے ضمنی الیکشن میں ووٹرز بولے اور پاکستان کے لوگ ترقی پسند سیاست کے مقابلے میں دھرنے کی سیاست کو مسترد کر دیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی سابق اہلیہ ریحام خان نے سوشل میڈیا پر ایک صارف کی جانب سے لودھراں ضمنی الیکشن سے متعلق پوچھے گئے سوال پر کہا کہ انتخابی نتائج واضح اشارہ ہیں کہ اسٹیٹس کو کی سستی کاپی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ ریحام خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سیاست میں فی الحال کوئی اپوزیشن نہیں ہے، جو خواب دیکھنے والوں کے لیے المیہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 704409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش