0
Wednesday 11 Jan 2017 21:23

جموں کے مسلمانوں کیساتھ کل ’’یومِ یکجہتی‘‘ منایا جائے، مشترکہ مزاحمتی قیادت

جموں کے مسلمانوں کیساتھ کل ’’یومِ یکجہتی‘‘ منایا جائے، مشترکہ مزاحمتی قیادت
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ آزادی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے جموں میں مسلمان بستیوں پر ہو رہے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے جموں و کشمیر کے مقامات بشمول وادی چناب، جموں، ودای گول گلاب گڑھ، پونچھ، راجوری، بانہال، ڈوڈہ، کشتواڑ، بدرواہ، رام بن، ادھمپور، کرناہ، اوڑی، گریز وغیرہ میں رہنے والے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کل جمعتہ المبارک کو نماز کے بعد ’’یومِ یکجہتی جموں‘‘ کی مناسبت سے پُرامن احتجاج کریں۔ مزاحمتی قائدین نے کہا کہ گزشتہ ستر سال سے جموں کے مسلمان کو خوف و ہراس کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ 1947ء میں پانچ لاکھ مسلمانوں کی گردن زنی کر کے انسانی لہو کے پیاسوں کو تسکین نہیں ہوئی، اس لئے وہ کبھی ایک اور کبھی دوسرے بہانے ان کو صفحہ ہستی سے مٹانے میں مصروف ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے مزاحمتی قائدین نے کہا کہ کٹھوعہ کے مسلمانوں کے غم میں ریاستی اسمبلی میں ٹسوے بہانے والے غداروں کے آباء و اجداد نے اپنی آنکھوں کے سامنے لاکھوں مسلمانوں کو قتل ہوتے دیکھا۔ اُن کی دردناک چیخیں اور آہ و بکا اپنے کانوں سے سنی لیکن کرسی کی لالچ میں اپنے ضمیر کا سودا کرنے والے بھارتی سفاکیت کی کلہاڑی کے یہ مقامی دستے خاموش بت بنے رہے، نہ تو ان کی انسانی حس ہی جاگی اور نہ ہی کشمیریوں کا گرتا ہوا لہو ان کو اپنی طرف متوجہ کرسکا۔

قائدین نے کہا کہ بھارت نواز ٹولے نے ہمیشہ لاشوں پر ہی اقتدار کی کرسی حاصل کی ہے، جس طرح آج انتہا پسند جنونی بھارتی حکمران الیکشن کے موقعے پر اقلیتوں خاص کر مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل کر اپنے ووٹروں کی تسکین کا سامان فراہم کرکے اقتدار کے ایوان تک رسائی حاصل کرتے ہیں، اسی طرح ان کے تربیت یافتہ مقامی دلالوں کی یہ کھیپ قتل و غارتگری اور تباہی و بربادی کے کھنڈرات پر اپنے اقتدار کے محل تعمیر کرتے رہتے ہیں۔ آزادی پسند قائدین نے کہا کہ جس ایوان میں سینکڑوں بے گناہوں کے خون آلود قبائیں زیب تن کئے ہوئے سفاکوں کی فوج ہی مقتولوں کے لئے قوانین بنا رہے ہوں، وہاں کسی خیر کی کوئی امید رکھنا عبث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز مگر مچھ کے آنسو بہاکر خود کو پارسا ثابت کرنے کی ڈراموں سے ریاست جموں و کشمیر کے عوام اچھی طرح واقف ہیں، کیونکہ ان تمام مکاروں پر معصوموں کے خون کے دھبے عیاں ہیں اور وہ چاہتے ہوئے بھی اس کو چھپانے میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ جموں کے مسلمانوں کے ساتھ کل یومِ یکجہتی منانے کی اپیل کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ نماز جمعہ کے بعد پُرامن احتجاج کے ذریعے ہم بحیثیت قوم جموں کے اپنے بھائیوں کو ایک واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم سب ایک جسدِ خاکی کی طرح یکسو ہیں اور آپ پر آئی کوئی بھی آفت ہم سب کے لیے سوہان روح ہے۔
خبر کا کوڈ : 599216
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش