0
Sunday 6 Jul 2014 01:12
قوم آخری دہشتگرد کے خاتمے تک پاک فوج کا ساتھ دیگی

اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنیوالے اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا

اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنیوالے اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے پاک افغان حکومتوں کو ایک پیج پر آنا ہوگا، امریکہ بھارت کو علاقے کا گلو بٹ بنانا چاہتا ہے۔ پورے ملک میں دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کا تعاقب کرنا ضروری ہے۔ ان کو مٹانے کا وقت آگیا ہے جو وطن کو مٹانے کے در پے ہیں۔ آپریشن ضربِ عضب عالمی امن کو محفوظ کرنے کی جنگ ہے، اس لیے عالمی برادری اس جنگ میں پاکستان کا ساتھ دے۔ پاک فوج پہاڑوں، غاروں اور جنگلوں میں انسانیت کے قاتلوں کا شکار کر رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والے طالبان اسلام اور عالم اسلام کے ہمدرد نہیں ہیں۔ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔ اسلام کے نام پر قتل و غارت کرنے والے اسلام دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں جامعہ رضویہ کے طلباء اور اساتذہ کی سالانہ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ پاک فوج ملکی تاریخ کی سب سے اہم اور نازک جنگ لڑ رہی ہے۔ پاک فوج دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ٹھکانے لگا رہی ہے۔ اس وقت تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں، دانشوروں اور میڈیا کو یکجا ہو کر فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ قوم آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پاک فوج کا ساتھ دے گی۔ جن دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے اور انتہا پسندی کی ہر شکل کو مٹا دیا جائے۔ قوم میں 65ء کی جنگ والا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مقدس مہینے میں دہشت گردی کے خلاف جاری مقدس جہاد ضرور کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنے وطن کے لیے امن کی نوید بننے جا رہی ہے۔ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کرنے والے دہشت گردوں کو غیر مسلم طاقتوں کی پشت پناہی حاصل ہے۔ جنگجوؤں کے جنگی جرائم انتہائی سنگین ہیں۔ آئی ڈی پیز کے لیے ڈاکٹر عبدالقدیر خان، عبدالستار ایدھی اور ڈاکٹر امجد ثاقب کی نگرانی میں قومی ریلیف فنڈ قائم کیا جائے۔ حکومت داخلی سلامتی کے لیے ہنگامی اقدامات کرے، تاکہ آپریشن کے ردعمل میں ہونے والی دہشت گردی کو روکا جاسکے۔ افغان حکومت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث دہشت گردوں کو پناہ دینے کی پالیسی ترک کر دے۔
خبر کا کوڈ : 397599
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش