0
Thursday 9 May 2024 22:03

فالس فلیگ آپریشن سے پی ٹی آئی کی قیادت پر الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی بلوچستان

فالس فلیگ آپریشن سے پی ٹی آئی کی قیادت پر الزامات لگائے گئے، پی ٹی آئی بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمر عزیز اور 9 مئی کے جاں نثاران کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ پاکستان ہمارا وطن اس سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ اور ترقی ہمارا نصب العین ہے۔ جن عناصر نے 9 مئی 2023 کو تحریک انصاف کو بدنام کرنے کے لئے ملک میں انتشار پھیلایا، ان کی مذمت کرتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو 9 مئی کو غیر قانونی طور پر گرفتار و اغوا کیا گیا۔ جس کی گواہی سپریم کورٹ دے چکا ہے۔ یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر دﺅاد شاہ کاکڑ نے تحریک انصاف بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں ریلی اور مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے 28 سال کی سیاسی مبارزے کی منزل پرامن و مستحکم پاکستان، سیاسی و جہموری اقدار کی سر بلندی، آئین و قانون کی بالادستی، عدل و انصاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی 28 سال کی پرامن تحریک کا ہر پاکستانی گواہ ہے۔ لیکن بدقسمتی سے چند نااہل، کرپٹ سیاستدانوں کو اقتدار دلوانے اور امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے عالم اسلام اور پاکستان کے عظیم لیڈر عمران خان کو سچ و حق، حقیقی آزادی اور غلامی سے نجات سے سزا دینے کے لئے 9 مئی 2023 کا ڈرامہ رچایا گیا۔ فالس فلیگ آپریشن سے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کی سینئر قیادت پر الزامات لگائے گئے۔ جسکی پاداش میں آج بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان، شاہ محمود قریشی، پرویزالٰہی، بیرسٹر احسام نیازی، عمر سرفراز چیمہ، یاسمین راشد، صنم جاوید، عدلیہ حمزہ اور سینکڑوں کی تعداد میں قیادت اور کارکنان کو غیر قانونی طور پر حبس بیجا اور پابند سلاسل رکھا گیا ہے۔ جسکی مثال بدترین آمریت میں بھی نہیں ملتی۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام تر ڈرامہ بازیوں، منفی پروپیگنڈوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود عوام نے 8 فروری 2024 کو اپنے ووٹ سے کامیابی دلائی اور مخالفین کو منہ توڑ جواب دیا، جسکو بعد میں دھاندلی کے ذریعے چوری کیا گیا جسکی ہم پرزور مذمت اور قائدین کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پی ٹی آئی کی ریلی اور مظاہرے سے تحریک کے مرکزی رہنماء ملک فیصل دہوار، سردار خادم حسین وردگ، عبدالباری بڑیچ، ڈسٹرکٹ کوئٹہ صدر نور خان خلجی، سیکرٹری جنرل قربان بہرانی، ویمن ونگ منورہ منیر، مہوش جنجوعہ، وصل خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے 9 مئی 2023 کی آڑ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف منفی پروپیگنڈوں و ہتھکنڈوں کی مذمت کی اور مطالبہ کیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور دیگر تمام کارکنان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور 8 فروری 2024 کو تحریک انصاف کا چوری کیا ہوا مینڈیٹ واپس کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 1133943
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش