0
Thursday 9 May 2024 10:14

جنگلات آزاد کشمیر کی قومی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، انصر یعقوب

جنگلات آزاد کشمیر کی قومی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، انصر یعقوب
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کے سیکرٹری اطلاعات و جنگلات انصر یعقوب خان نے کہا ہے کہ جنگلات آزاد کشمیر کی قومی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، موجودہ حکومت آزاد کشمیر نے ٹمبر مافیا کے خلاف عملی اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کی کاوش سے جنگلات کے تحفظ کے لئے آرڈیننس جاری ہو چکا ہے، جنگلات سے کسی خطے یا علاقے کے قدرتی حسن میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران جنگلات کے رقبہ کے تحفظ کو یقینی بنائیں، گارڈ سے لیکر مجھ تک ہر بندہ اپنے فرائض احسن طریقے سے سر انجام دے، جہاں جنگلات نہیں ہیں وہاں زیادہ سے زیادہ شجرکاری کریں تاکہ جنگلات کا سارا رقبہ سرسبز و شاداب ہو سکے۔ محکمہ جنگلات کی نرسریوں میں مختلف قسم کے پودا جات اگائے جائیں اور زمینداروں میں بھی پودے اگانے کے ترغیب دی جائے، وہ ان خیالات کا اظہار حویلی کہوٹہ محکمہ جنگلات کے افسران و اہلکاران کی ایک میٹنگ سے خطاب کے دوران کر رہے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ جنگلات کے بنیادی کاموں کے لیے زیادہ فنڈز مہیا کریں گے، محکمہ جنگلات کے اندر میرٹ کی بالادستی کے لیے کام کر رہے ہیں جنگلات کے محکمہ میں بہتری لانی ہے تو میرٹ پر فیصلہ جات کرنے ہوں گے، بہتریں فیصلوں سے ہی محکمہ کا مورال بحال ہو گا۔
خبر کا کوڈ : 1133796
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش