0
Wednesday 8 May 2024 18:17

فرانسیسی پولیس کیجانب سے فلسطینی حامی طلباء پر آنسو گیس کیساتھ حملہ

فرانسیسی پولیس کیجانب سے فلسطینی حامی طلباء پر آنسو گیس کیساتھ حملہ
اسلام ٹائمز۔ غزہ کے نہتے فلسطینیوں کے خلاف جاری غاصب صیہونی رژیم کے انسانیت سوز حملوں کے خلاف امریکی و مغربی طلباء کی احتجاجی تحریک غاصب صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے سرحدی شہر رفح پر زمینی حملے کے بعد سے مزید شدت اختیار کر گئی ہے جبکہ امریکی و مغربی پولیس نے بھی پرامن طلبہ احتجاجی تحریکوں کو دبانے کے لئے مزید طاقت کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

اس بارے سوشل میڈیا پر جاری ہونے والی تصاویر میں جیکٹوں میں ملبوس فرانسیسی اینٹی رائٹ پولیس کے درجنوں اہلکاروں کو ہاتھوں میں لاٹھیاں اور ڈھالیں اٹھائے احتجاجی طلباء پر حملے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

-

فرانسیسی طلباء نے گذشتہ روز سہ پہر فرانس کی معروف یونیورسٹی سوربون کے سامنے پرامن طریقے سے احتجاج کیا جس پر فرانسیسی پولیس نے آنسو گیس چلائی اور متعدد احتجاجی طلباء کو گرفتار کر لیا۔

اس موقع پر فرانسیسی پولیس نے طلبہ مظاہرین کو مزید آگے بڑھنے سے روک دیا اور طاقت کا استعمال کرتے ہوئے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔

رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی اینٹی رائٹ پولیس نے سوربون یونیورسٹی کے سامنے احتجاج کرنے والے فرانسیسی طلباء پر مرچ کا اسپرے کیا اور انہیں آنسوگیس کا نشانہ بنایا۔ اس حوالے سے شائع ہونے والے ویڈیو کلپس میں کم از کم 4 پولیس اہلکاروں کو اپنی ڈھالوں کے اوپر سے طلباء پر آنسو گیس چھڑکتے دیکھا جا سکتا ہے۔

بعد ازاں مغرب و امریکہ کی جانب سے غاصب و سفاک صیہونی رژیم کی اندھی حمایت پر احتجاج کرنے والے طلباء سوربون یونیورسٹی کے داخلی دروازے پر جمع ہو گئے اور فلسطینی پرچم تھامے "آزاد فلسطین" کے نعرے لگاتے رہے۔ فرانسیسی طلباء نے "اسرائیل، دفع ہو جاؤ، فلسطین تمہارا نہیں"، "ہم سب رفح کے فرزند ہیں" اور "غزہ میں ابھی اور اسی وقت جنگبندی" کے نعرے لگائے۔

فرانسیسی اخبار لی موندے نے بھی اس حوالے سے لکھا ہے کہ احتجاج کرنے والے فرانسیسی طلباء نے زمین پر بیٹھ کر ہاتھوں میں ہاتھ ڈال لئے جبکہ اینٹی رائٹ پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے طلبہ کی انسانی زنجیر کو توڑا اور طلبہ مظاہرین کو ایک ایک کر کے عمارت سے باہر لے جا کر گرفتار کر لیا۔

-

سوشل نیٹ ورکس پر شائع ہونے والی ایک ویڈیو کے مطابق سوربون یونیورسٹی کے طلباء نے کلاس روم کے اندر بھی احتجاجی کیمپ لگائے اور غاصب صیہونی رژیم کے خلاف نعرے بازی کی۔

گزشتہ روز بھی فرانسیسی پولیس نے پیرس کی سائنس پو یونیورسٹی میں فلسطین کے حامی طلباء کے ایک اجتماع کو طاقت کا استعمال کرتے ہوئے منتشر کیا تھا جس پر احتجاج کرنے والے فرانسیسی طلباء نے سائنس پو یونیورسٹی کے داخلی راستے کو کچرے کے ڈبوں، سائیکلوں اور فرنیچر کے ساتھ بند کر دیا۔

مقامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی پولیس نے گزشتہ روز ہونے والے طلبہ احتجاجی مظاہروں کے دوران بھی متعدد طلباء کو گرفتار کر لیا تھا۔

-
خبر کا کوڈ : 1133668
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش