0
Wednesday 8 May 2024 17:50

چیف جسٹس اصولوں پر سودے بازی نہ کریں، بلوچستان کی وکلاء برادری

چیف جسٹس اصولوں پر سودے بازی نہ کریں، بلوچستان کی وکلاء برادری
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی وکلاء تنظیموں پاکستان بار کونسل، بلوچستان بار کونسل، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن اور کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں منیر احمد کاکڑ ایڈووکیٹ، محمد افضل حریفال ایڈووکیٹ، راحب خان بلیدی ایڈووکیٹ، امان اللہ خان کاکڑ اور دیگر کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اصولوں پر سودے بازی نہ کریں۔ کوئی بھی توسیع ذاتی فائدے کے لئے ہو تو اسے مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے لاہور کے وکلاء سے اظہار یکجہتی کے لئے کل بلوچستان بھر میں عدالتی کارروائیوں کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ہائیکورٹ بار روم میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر دیگر وکلاء بھی انکے ہمراہ تھے۔

وکلاء تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ اٹھارویں ترمیم میں ججز کی تقرری کا عمل صاف و شفاف تھا، لیکن انیسویں آئینی ترمیم کرکے ججز کی تقرری کے عمل کو متنازعہ بنایا گیا۔ بلوچستان کے وکلا جوڈیشل کمیشن میں ججز کی تقرری کے معاملے پر ایک پیج پر ہیں۔ سپریم کورٹ میں ججز کی تقرری کا عمل صاف اور شفاف ہونا چاہئے۔ انیسویں ترمیم میں ججز کی تقرری کو متنازعہ بنایا گیا ہے۔ جس کا مقصد ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ میں من پسند ججز کی تعیناتی سے میرٹ کی پامالی ہوئی۔ ملک میں لاکھوں کیسز التواء کا شکار ہیں۔ سپریم کورٹ میں 57 ہزار سے زائد کیسز التواء کا شکار ہیں۔ وکلاء نمائندوں اور جوڈیشل کمیشن کے ممبران کی کوششوں کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے رولز میں ترمیم کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ اصولوں پر سودے بازی نہ کریں۔ کوئی بھی توسیع ذاتی فائدے کے لئے ہو تو اسے مسترد کرتے ہیں۔ ملک مزید بحرانوں کی طرف جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ اور تمام ہائی کورٹس میں ججز کی تقرری کے عمل کو موخر کیا جائے۔ ججز بھی آئین کی پاسداری کریں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع دینے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان آئین پر عملدرآمد کرتے ہوئے مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے سچ تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔ ملک کو درست ٹریک پر لانے کے لئے سب کو ملکر بیٹھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں وکلا برادری پر لاٹھی چارج کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ لاہور واقع پر وکلاء برادری سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے اور کوئی بھی وکیل عدالتوں میں پیش نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 1133660
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش