0
Wednesday 8 May 2024 01:48
9 مئی اور دھرنوں پر تحقیقاتی کمیشن

فوج یقین دہانی کروائے کہ نہ کوئی اغوا ہو گا نہ ججز کے بیڈرومز میں کیمرے لگیں گے، ترجمان پی ٹی آئی

ڈی جی آئی ایس پی آر جعلی آڈیوز پر مبنی ڈاکومنٹری بنا کر لائے
فوج یقین دہانی کروائے کہ نہ کوئی اغوا ہو گا نہ ججز کے بیڈرومز میں کیمرے لگیں گے، ترجمان پی ٹی آئی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف نے پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز ریلیشنز کی پریس کانفرنس پر اپنا ردعمل جاری کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری بیان میں پی ٹی آئی نے لکھا ہے کہ جنرل صاحب ہم 2014 کے دھرنے اور اس سے منسلک تمام واقعات کی عدالتی تحقیقات کے لئے تیار ہیں، بس آپ یہ یقین دہانی کروائیں کہ تحقیقات کرنے والے ججز کے رشتے داروں کو اغوا کیا جائے گا نہ ان کے بیڈرومز میں کیمرے لگیں گے۔ خیال رہے کہ پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ہم 9 مئی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کے لیے تیار ہیں، جس میں پورے واقعے کی تہہ تک تحقیقات ہونی چاہیے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مزید لکھا گیا کہ دوسرا یہ بھی بتا دیں کہ یہ مطالبہ ادارے کا ہے یا یہ بطور خالق، اپنی تخلیق نون لیگ پر پدرانہ شفقت کے لئے ان کا بیانیہ اپنایا جا رہا ہے؟۔

پی ٹی آئی نے مزید لکھا کہ تحریک انصاف کو 8 فروری کے الیکشن میں بغیر کسی الیکشن مہم اور یکساں انتخابی نشان، دھاندلی زدہ فارم 47 پر 34 فیصد اور اصلی فارم 45 پر 70 فیصد ووٹ پڑا، سات فیصد کے نمبر میں اتنی ہی سچائی ہے، جتنی افوج کا سیاست سے تعلق نہ ہونے کے بیان میں سچائی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ بیڈرومز میں کیمرے لگانے والے اور عدت کے مقدمات چلانے والے تحریک انصاف کو حد نہ سکھائیں، معیشت کا اتنا ہی درد ہوتا تو بیرونی اشارے پر رجیم چینج نہ کرتے، جس کے بعد آج تک برآمدات اور ترسیلات زر کا لیول دوبارہ ٹچ نہیں ہو سکا، قوم کو سب معلوم ہے کہ درد کس چیز کا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے ٹوئٹ میں لکھا گیا کہ جنرل صاحب نے پریس کانفرنس کے شروع میں کہا کہ سوالات کو سیکورٹی ایشوز تک محدود رکھیں، لیکن اس کے بعد 40 منٹ سیاسی گفتگو فرمائی، اور تو اور سیکورٹی ایشوز کی پریس کانفرنس میں جعلی آڈیوز پر مبنی ڈاکومنٹری بھی تیار کر کے لائے تھے، یہی وہ مکر و فریب کا رویہ ہے، جس کی وجہ سے عوام اب ان اداروں کے ترجمانوں کی کسی بات کو سچ نہیں مانتے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی عوام کی اکثریت کو انتشاری قرار دینا فرعونیت اور غرور کی بدترین مثال ہے، اسی انتشاری قوم کے ٹیکس سے تنخواہ لینے والے، قوم کو انتشاری قرار دے رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ جنرل صاحب قوم کو جن قانونی و آئینی فورمز پر جانے کا مشورہ دے رہے ہیں، وہ فورمز خود خط لکھ کر جنرل صاحب کے کولیگز سے پناہ مانگ رہے ہیں، جنرل صاحب ایسے فورمز پر جائیں شواہد لے کر؟۔ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ہے کہ جناب ڈی جی آئی ایس پی آر صاحب، جب آپ سیاسی بیانات دیں گے اور ایک جماعت کو اپنی تنقید کا ہدف بنائیں گے تو پھر تنقید اور جواب موصول کرنے کا حوصلہ بھی پیدا کریں، آپ کی آج کی پریس کانفرنس بہت سارے تضادات، مفروضوں اور تعصب پر مبنی تھی، تحریک انصاف کا اس بھر پور جواب دے گی۔
خبر کا کوڈ : 1133525
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش