0
Tuesday 7 May 2024 20:24

سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کا ووٹ مانگتی ہیں لیکن انہیں امیدوار نہیں بناتیں، اسد الدین اویسی

سیاسی پارٹیاں مسلمانوں کا ووٹ مانگتی ہیں لیکن انہیں امیدوار نہیں بناتیں، اسد الدین اویسی
اسلام ٹائمز۔ بھارت میں آج پارلیمانی الیکشن کے تیسرے مرحلے کے لئے ووٹنگ ہوئی۔ اس درمیان مہاراشٹر میں آج 11 سیٹوں پر ووٹنگ کی جارہی ہے۔ اس دوران آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے کہا کہ مہاراشٹر میں سبھی پارٹیاں پارلیمانی الیکشن میں مسلم ووٹ چاہتی ہیں، لیکن مسلم طبقے سے امیدوار نہیں اتارتی۔ مہاراشٹر کے اورنگ آباد کے اکھماس میدان میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اسدالدین اویسی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے اورنگ آباد کے رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل کی ہار کو یقینی بنانے کے لئے مختلف پارٹیاں ایک ساتھ آئی ہیں۔ اسد الدین اویسی نے مزید کہا کہ سیاسی پارٹیاں مسلمانوں سے ووٹ مانگ رہی ہیں، لیکن انہیں مہاراشٹر کی 48 سیٹوں میں سے کسی بھی سیٹ کے لئے اس طبقے سے امیدوار نہیں مل سکے۔

شیو سینا کے امیدوار چندرکانت کھیرے پر تنقید کرتے ہوئے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ کھیرے خود کو ہندوتوا لیڈر کہتے ہیں، لیکن وہ مسلم ووٹروں کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے یہاں عیدگاہ پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ جن کی سیاست پہلے ’مسلم اور ہندو‘ پر تھی، اب وہ نماز کی بات کررہے ہیں۔ شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے کو ’نیا سیکولرسٹ‘ قرار دیتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ کو بابری مسجد کے انہدام پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے کہ یہ گناہ تھا یا نہیں۔ قبل ازیں مہاراشٹر کانگریس کے لیڈر اور سابق وزیر عارف نسیم خان نے ریاست میں ایک بھی مسلم امیدوار کو نہ اتارنے پر ہائی کمان سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انتخابی تشہیر کمیٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 1133427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش