0
Monday 6 May 2024 23:18

طالبان کیجانب سے عالمی ادارہ صحت میں افغانستان کی سیٹ کی حوالگی کا مطالبہ

طالبان کیجانب سے عالمی ادارہ صحت میں افغانستان کی سیٹ کی حوالگی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ طالبانی وزیر اعظم کے مینیجنگ سیکرٹری عبد السلام حنفی نے عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ حنان حسن بلخی کے ساتھ ملاقات میں مطالبہ کیا ہے کہ اس تنظیم میں افغانستان کی سیٹ کو موجودہ کابل حکومت کے حوالے کیا جائے۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے ایک سوشل میڈیا پیغام میں اعلان کیا گیا ہے کہ عبدالسلام حنفی نے عالمی ادارہ صحت کی ایگزیکٹو کمیٹی کے علاقائی اجلاسوں میں افغانستان کی رکنیت کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا۔

عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے پولیو کا خاتمہ، پولیو ویکسین کی فراہمی اور پولیو تشخیصی لیبارٹریوں کو فعال بنانا بھی عبدالسلام حنفی اور حنان حسن بلخی کے زیر بحث دیگر موضوعات میں شامل تھا۔
 
اس دوران طالبانی وزیر اعظم کے مینیجنگ سیکرٹری نے کینسر کے علاج معالجے کے مرکز کے قیام، دور دراز علاقوں میں بنیادی مراکز صحت، بچوں کی غذائی قلت کو روکنے کے لئے باہمی تعاون، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، طبی مراکز و کلینکس کو جدید طبی آلات سے لیس کرنے اور ماہرین کی تربیت پر بھی زور دیا۔

اس ملاقات میں عبدالسلام حنفی نے افغانستان کے مختلف صوبوں میں آنے والے شدید سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے کسانوں کے لئے متبادل کاشتکاری اور ذریعہ معاش کی فراہمی میں بین الاقوامی اداروں کی حمایت اور تعاون پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ صحت کا مسئلہ غیر سیاسی ہے، حنان حسن بلخی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ بہتر صحت و علاج معالجے کی سہولیات کے ساتھ ساتھ افغانستان کے عوام کے لئے بہتر تعلیمی حالات بھی فراہم کئے جائیں گے کیونکہ افغانستان کے لوگ، صحت و علاج معالجے سمیت مختلف شعبوں میں بہتر خدمات تک رسائی کے مستحق ہیں۔

اپنی گفتگو کے آخر میں عالمی ادارہ صحت کے علاقائی سربراہ نے اعلان کیا کہ بین الاقوامی اداروں اور یورپی یونین کے تعاون سے افغانستان کے مختلف صوبوں میں صحت و علاج معالجے کے مراکز کے قیام کے 3 سالہ منصوبے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 1133219
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش