اسلام ٹائمز۔ سیدہ شہلا رضا نے صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ شہلا رضا نے استعفیٰ کی تصدیق کر دی۔ انکا کہنا تھا کہ 27 اپریل 2024ء کو ہی بطور صدر پی ایچ ایف استعفیٰ دے دیا تھا، اپنا استعفیٰ منسٹر آئی پی سی احسن اقبال اور رانا مشہود کو بھیجوا دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایف کانگریس کو بھی اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ شہلا رضا کا کہنا تھا کہ حکومتی اجلاس میں جو وعدے کئے گئے تھے اس پر عمل نہیں کیا گیا، جو بات اجلاس میں طے ہوئی اس کو اہمیت نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اجلاس میں کیمپ ایک کرنے کی بات کو تسلیم کیا، تاکہ ٹیم ملائیشیا جا سکے۔ شہلا رضا کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف کے معاملے کے حل کیلئے کمیٹی بنانے کا کہا گیا، وہ نہیں بنائی گئی، حیدر حسین کو بطور سیکریٹری کام کرنے کا کہا گیا، لیکن اس پر عمل نہیں کروا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے آئین اور قوانین کی دھجیاں اڑا دی گئیں، اجلاس میں بھی ہم سب نے استعفیٰ دینے کی بات کہی تھی، اجلاس میں ہمیں استعفیٰ دینے سے روکا گیا کہ آپ کی باتیں تسلیم کی جائیں گی۔